راولپنڈی: سینئر وکیل نے خلاف فیصلہ آنے پر سول جج کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

گلاس مارنے سے جج کا سر پھٹ گیا، واقعے کیخلاف سول و فیملی ججز کی قلم چھوڑ ہڑتال


ویب ڈیسک October 20, 2026

راولپنڈی:

ضلع کچہری راولپنڈی میں افسوس ناک واقعہ، سینئر وکیل نے سول جج ملک علی میراں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

سینئر وکیل اسلم نیازی نے چیمبر میں جاکر جج پر تشدد کیا، گلاس مارنے سے جج کا سر پھٹ گیا جنہیں موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن اصغر علی نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس چوکی انچارج پولیس نفری بھی پہنچ گئی، سینئر وکلاء راضی نامہ کے لئے سرگرم ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وکیل کو اپنے خلاف گزشتہ روز سوموار کو کئے جانے والے فیصلے پر غصہ تھا، وکیل کی جانب سے تشدد کے دوران عدالتی عملے نے کوئی مداخلت نہیں کی۔

سول جج ملک علی میراں پر وکیل کے تشدد کیخلاف ضلع راولپنڈی کے سول و فیملی ججز نے قلم چھوڑ ہڑتال کردی۔ تمام سول ججز زخمی سول جج ملک علی میراں چیمبر پہنچ گئے اور انکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔