خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے خرم محمدزئی کے چرپیرا میں پولیس اور نامعلوم مسلح افراد دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی ایس پی عمران الدین سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے ضلع کرک میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران بہادری اور پیشہ ورانہ عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ڈی ایس پی (سی ٹی ڈی) عمران الدین خان، ایس آئی افضل اعوان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے گن مین کاظم اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار امجد نے جام شہادت نوش کیا۔
پولیس نے بتایا کہ گزشتہ شب تھانہ خرم کی حدود میں واقع چرپیرا روڈ پر دہشت گردوں نے ناکہ بندی قائم کی تھی، واقعے کے بعد دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کے خلاف کارروائی کے لیے آج دوپہر 12 بجے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی بانڈہ اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کر رہے تھے جبکہ بی ڈی یو، ڈرون ٹیم، ریسکیو 15 اور آر آر ایف کے اہلکار بھی کارروائی میں شریک تھے۔
مزید بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران چرپیرا میں دہشت گرد کمانڈر قیصر اقبال کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان، ایس آئی افضل اعوان ایس ایچ او تھانہ لتمبر، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے گن مین کاظم اور بی ڈی یو اہلکار امجد بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ آپریشن تاحال جاری ہے، ایس پی آپریشنز، ضلع کے تمام ایس ایچ اوز اور متعلقہ پولیس افسران آپریشن میں سرگرم عمل ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے علاقے میں کارروائی جاری رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے ان بہادر اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، شجاعت اور عوام کے تحفظ کے عزم کی روشن مثال قائم کی ہے، ان کی قربانیاں پولیس فورس کے اس غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرک میں پولیس فورس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین سمیت دیگر قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس اورشہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔