فلموں میں سپر ہیروز اور ولن کو ہوا میں اڑتے تو آپ نے کئی بار دیکھا ہوگا، لیکن کیا ہو اگر اسپائیڈر مین کے خطرناک ولن گرین گوبلن کا ہوور بورڈ حقیقت میں بھی بن جائے؟
چین کے ایک نوجوان وی لاگر نے کچھ ایسا ہی کر دکھایا ہے۔ سونگ شنگ یو نے اپنی مہارت اور تجربات کی مدد سے ایسا برقی ہوور بورڈ تیار کیا جس پر سوار ہو کر وہ دریائے یانگسی کے پار جا پہنچا۔
ابتدا میں اس کا جیٹ انجن والا تجربہ آگ لگنے کے باعث ناکام ہوا، مگر اس نے ہمت نہیں ہاری اور دس برقی موٹرز کی مدد سے نیا ماڈل بنا ڈالا۔
دو موبائل فونز پر چلنے والے اے آئی سسٹم کی مدد سے توازن کی مشق کرنے کے بعد اس نے تقریباً تین سو میٹر کا فضائی سفر دو منٹ میں مکمل کیا۔
سوشل میڈیا پر اس کا یہ کارنامہ دھوم مچا رہا ہے، تاہم نوجوان نے خبردار بھی کیا ہے کہ عام لوگ بغیر سیفٹی کے خود ایسا تجربہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔