گجرات میں بیرون ملک سے آنے والے بھائی نے بھائی کو قتل کر دیا

ملزم کی بھائی کے ساتھ گھومنے پھرنے کے سارے مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئے


ویب ڈیسک October 23, 2026

گجرات میں بیرون ملک سے آنے والے بھائی نے بھائی کو قتل کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق گجرات پولیس نے کہا ملزم 17 اکتوبر کو بیرون ملک سے پاکستان پہنچا اور بھائی کو فون کرکے گاؤں سے شہر بلایا۔

دونوں بھائیوں نے ساتھ کھانا کھایا اور پھر گھر کے لیے روانہ ہوگئے، سنسان مقام پر پہنچنے کے بعد ملزم نے اپنے بھائی کو جان سے ماردیا اور روپوش ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ والد نے قتل کی اطلاع دی تو خود کو بیرون ملک ظاہرکیا، پاکستان پہنچنے تک تدفین روکنے پر زور دیا اور بھائی کے جنازے میں شریک ہوا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کی بھائی کے ساتھ گھومنے پھرنے کے سارے مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دن میں ملزم  کو گرفتار کرلیا، بظاہر قتل زمین کے تنازع اور گھریلو ناچاقی پر کیا گیا، اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔