لاہور:
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کوئی آن لائن پیسے مانگے تو ہر گز ٹرانسفر نہ کریں، خواتین اپنی تصاویر ہرگز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، سائبر کرائم کے پاس بچیوں کو ہراسانی کرنے کے سب سے زیادہ کیس آتے ہیں۔
لاہور میں این سی سی آئی اے کی کھلی کچہری سے خطاب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ آن لائن فراڈ کرنے والوں کے گھر گھیرا تنگ کیا جائے گا، عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے کہ آن لائن پیسے مانگنے والوں کو ہر گز رقم ٹرانسفر نہ کریں، کوئی بیمار بن کر، مصیبت میں مبتلا ہوکر پیسے مانگے تو نہ دیں، ماؤں بہنوں سے گزارش ہے کہ اپنی تصاویر کسی سے ہرگز شیئر نہ کریں خواتین کی ویڈیوز اور تصاویر کو فیک بناکر ملزمان انہیں بلیک میل کرتے ہیں، بلیک میلنگ کے معاملات میں بچیوں کے خودکشیاں کرلیں، سائبر کرائم کے پاس بچیوں کو ہراسانی کرنے کے سب سے زیادہ کیس آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کال سینٹرز سے دس بارہ دنوں میں 600 لوگ پکڑے ہیں صرف لاہور میں، اسلام آباد اور دیگر شہروں کی کارروائیاں الگ ہیں، ہم نے دو تین برس میں خود کو تیار نہ کیا تو بڑا مسئلہ ہوگا، سائبر کرائم بڑھتے جارہے ہیں اب تو ساری پولیسنگ ہی اس طرف جارہی ہے، سیپرا کو ایکٹویٹ کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ سائلین کے مسائل حل کرنے کے لیے نفری پوری کی جائے کیوں کہ اس وقت پنجاب بھر میں این سی سی آئی اے کے پاس 61 افراد ہیں، سائبر پولیس کو مزید متحرک کرنے جارہے ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کے پی میں بہت سارے لوگوں نے کوشش کی کہ حکومت کے خلاف بلوہ ہو اور عوام کھڑی ہوجائے ان میں سے کئی لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی ہیں۔