الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لیے ڈپٹی کمشنر  کو ہدایات جاری کر دیں

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 21 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا


ویب ڈیسک October 23, 2026

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لیے ڈپٹی کمشنر  کو ہدایات جاری کر دیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 21 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا، کاغذات نامزدگی 2 نومبر سے آر اوز وصول کریں گے، انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ ہوں گے، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن  نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایات پر من و عن عملدرآمد کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ تمام ریٹرننگ افسران کو دفاتر، عملہ، سامان اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے، تمام لائن ڈیپارٹمنٹس سے پولنگ اسٹاف کے لیے سرکاری افسران کی فہرست فراہم کی جائے، پولنگ اسٹیشنز کے لیے نوٹیفائیڈ عمارتوں کو اچھی حالت میں رکھا جائے۔

ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو مکمل معاونت فراہم کی جائے، پری پول، پول ڈے اور پوسٹ پول پر آر اوز کے دفاتر کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے، الیکشن مٹیریل اور پولنگ اسٹاف کی ترسیل کے لیے جامع ٹرانسپورٹ پلان بنایا جائے،  الیکشن مٹیریل کی بلک بریکنگ اور ترسیل کے لیے کافی عملہ فراہم کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہدایات پر عمل میں غفلت پر الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 55 کے تحت کارروائی ہو گی،
ہدایات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ الیکشنز چوہدری ندیم قاسم نے جاری کیں۔