پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے، تمام جنگیں رکوانا میرے لیے اعزاز ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے تجارتی پابندیوں اور بھاری ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی، امریکی صدر


ویب ڈیسک October 24, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان 2025 کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے تجارتی پابندیوں اور بھاری ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، لیکن اس کے باوجود انہیں نوبیل امن انعام نہیں ملا۔ ان کے مطابق ان میں سے پانچ تنازعات کو ٹیرف کے ذریعے روکنے میں مدد ملی۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر جنگ بند نہ کی گئی تو دونوں ممالک پر بھاری تجارتی ٹیرف عائد کیے جائیں گے اور انہیں امریکا کے ساتھ تجارت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جنگ رکوانے میں اقوام متحدہ نے کوئی مدد نہیں کی اور تمام جنگیں رکوانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے بھی سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف ایک اور آپریشن کر سکتا ہے، تاہم امریکا جنگ کو جلد ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے بقول اصل سوال یہ ہے کہ جنگ ختم کر دی جائے یا ایران کو مزید کمزور ہونے دیا جائے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے کے بعد امریکا کی توجہ کیوبا کی طرف بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو بھیجا جائے گا۔

آبنائے ہرمز کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس اہم سمندری گزرگاہ سے تیل کی ترسیل جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے اپنی مرضی کے مطابق تیل حاصل کر رہا ہے اور اس راستے سے جنگ شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل برآمد کیا جا رہا ہے۔