الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے دوران مصنوعی ذہانت(اے آئی ) کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے سیاسی جماعتوں، میڈیا اور مبصرین کے لئے 2023 میں جاری ضابطہ اخلاق میں ترمیم کا مسودہ جاری کردیا ہےجس میں 12 ترامیم تجاویز کی گئی ہے،جس پر 20 نومبر پر تجاویز مانگی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق میں 5 ترمیم تجویز کی گئی ہیں جن کے مطابق میڈیا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ یا ترمیم شدہ مواد نشر،اشاعت یا ریلیز کے وقت ظاہر کرنا لازم ہوگا کہ یہ مواد اے آئی سے تیار کردہ ہے،ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کسی سیاسی جماعت کے رہنماء، امیدوار،الیکشن اہلکار، عدلیہ یا مسلح افواج کے ارکان اور دیگر ریاستی عہدیداروں کی مصنوعی شبیہ،آواز یا بیان تخلیق کرنا جو کہ جھوٹا،تضحیک یا ہتک آمیز ہو، کی سختی سے ممانعت ہوگی۔
میڈیا ہاؤسز انتخابات سے متعلق مواد کی تیاری، ترجمہ، اینکرنگ یا تجزیہ کے لئے مصنوعی ذہانت کے آلات مشروط استعمال کرسکیں گے کہ وہ اپنے سامعین کے سامنے اس کا استعمال ظاہر کریں اور مواد کی صداقت اور درستگی کے خود ذمہ دارہوں گے۔
پیمرا، سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل سائبر کرایم انوسٹی گیشن ایجنسی میڈیا کی غیر ظاہر شدہ یا غیر لیبل شدہ اے آئی سے تیار کردہ مواد کی نگرانی کریں گی اور ضابطہ اخلاق کےعدم تعمیل کی صورت میں مناسب کارروائی اور الیکشن کمیشن کو رپورٹ کریں گی۔
ترمیمی مسودہ کے مطابق میڈیا ہاوسز اپنے پلیٹ فارم سے گمراہ کن یا غیر ظاہر شدہ مواد ریگولیٹری باڈی یا الیکشن کمیشن کی ہدایت ہر فوری ہٹائیں گے یا اس میں درست طریقے سے دوبارہ لیبل کریں گے۔
مبصرین کے لئے ضابطہ اخلاق میں تین ترامیم تجویز کی گئی ہیں،مبصرین مشاہدہ کے دوران ایسے مواد کے حوالے سے چوکس اور الیکشن کمشن کو فوری اطلاع دیں گے۔سیاسی جناعتوں،امیدواروں کے لئے مصنوعی ذہانت سے تیار مواد کے استعمال کے حوالے سے 5 ترامیم تجویز کی گئی ہیں،جن میں مصنوعی ذہانت سے ترمیم شدہ مواد،ڈیپ فیک تصاویر،ویڈیوز،آڈیو کلپس یا مصنوعی مواد تیار تیار،شائع، نشر یا تقسیم نہیں کریں گے جب تک اس پر واضح اے آئی لیبل نہ لگا ہو۔
ووٹر کو دھوکہ دینے کی غرض سے اے آئی سے تیار مواد کی ممانعت ہوگی جس کا مقصد کسی کی شبیہ کے الفاظ یا اعمال کو غلط انداز میں پیش کرنا ہو۔ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کسی سیاسی جماعت کے رہنماء، امیدوار،الیکشن اہلکار،عدلیہ یا مسلح افواج کے ارکان اور دیگر ریاستی عہدیداروں کی مصنوعی شبیہہ،آواز یا بیان تخلیق کرنا جو کہ جھوٹا،تضحیک یا ہتک آمیز ہو،کی سختی سے ممانعت ہوگی۔
سیاسی جماعتیں اور امیدوار انتخابی عمل کے دوران تیار کردہ تمام اے آئی مواد محفوظ رکھیں گی۔جعلی ٹرینڈز چلانے کے لئے مصنوعی ذہانت پر مبنی بوٹس،خودکار اکائونٹس یا اسی طرح کے دیگر آلات کے استعمال کی ممانعت ہوگی۔
روبو کالز یا وائس کلون شدہ پیغامات کے ذریعے ووٹرز تک رسائی کے لئے مصنوعی ذہانت کے استعمال، کال یا پیغام کے اغاز میں واضح لکھا جائے گا کہ یہ اے آئی سے تیار کردہ مواد ہے۔مبصرین کمیشن کو جمع کروائے جانے والے اپنے مشاہدات، حقائق، تصاویر، ویڈیوز یا رپورٹس تیار کرنے،ان کے تبدیل کرنے یا انہیں مزین کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت کا استعمال نہیں کرسکیں گے۔