بھارت؛ پیراگلائیڈنگ کا شوق جان لے گیا؛ غیرملکی سیاح ہلاک، دوست زخمی

دونوں سیاح نے اتوار کی صبح پیراگلائیڈنگ شروع کی دوپہر 3 بجے تقریباً 2 ہزار 700 میٹر بلندی پر حادثہ پیش آیا


ویب ڈیسک October 26, 2026
بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں پیراگلائیڈنگ حادثے میں بلغاریہ کا ایک سیاح ہلاک ہوگیا

بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں پیراگلائیڈنگ کے دوران حادثے میں بلغاریہ کا ایک سیاح ہلاک جبکہ اس کے ساتھ موجود دوسرے سیاح کو زخمی حالت میں بچالیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ اتوار کو دھرم شالا کے علاقے خانایارا میں رائزنگ اسٹار چوٹی کے قریب پیش آیا۔

ہلاک ہونے والے سیاح کی شناخت میکسم ویلنٹینووچ گیوریلیچینکو کے نام سے ہوئی جبکہ بچائے جانے والے شخص کا نام اسٹیفن انتھونی بتایا گیا۔ دونوں کا تعلق بلغاریہ سے تھا۔

پولیس کے بقول دونوں سیاح نے اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے بیر بلنگ سے پیراگلائیڈنگ شروع کی تھی۔ دوپہر تین سے ساڑھے تین بجے کے درمیان تقریباً 2 ہزار 700 میٹر بلندی پر حادثہ پیش آیا۔

جس کے دوران میکسم زمین پر جا گرا اور جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جبکہ اس کا ساتھی محفوظ رہا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تیز ہواؤں کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی وجہ تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ضلعی انتظامیہ، ریاستی امدادی فورس اور دیگر متعلقہ اداروں نے اتوار کی رات تقریباً 9 بجے امدادی کارروائی شروع کی۔

دشوار گزار پہاڑی علاقے میں جاری آپریشن پیر کی صبح تقریباً 10 بجے مکمل ہوا۔ اس دوران اسٹیفن انتھونی کو بحفاظت نکال کر فضائی راستے سے منتقل کیا گیا۔

پولیس نے میکسم کی لاش دھرم شالا کے زونل اسپتال کے مردہ خانے میں پوسٹ مارٹم کے لیے رکھوا دی ہے۔

حکام کے مطابق قانونی کارروائی جاری ہے اور حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔