امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر جھگڑے کے بعد ایک شخص پر آتش گیر مائع چھڑک کر اسے آگ لگا دی جس سے اس کا 80 فیصد جسم جھلس گیا۔
برطانوی اخبار دی سن اور امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز میامی کے مطابق واقعہ میامی ڈیڈ میں پیش آیا جہاں 45 سالہ تانیشا شیلٹن پر 33 سالہ نیتھنیل ڈیون میتھیس کو آگ لگانے کا الزام ہے۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں کے درمیان ہفتے کی شام تلخ کلامی ہوئی تھی اور شیلٹن نے دھمکی دی کہ وہ کسی شخص کو ساتھ لے کر واپس آئے گی۔ چند گھنٹے بعد وہ ایک سفید بالٹی لے کر واپس آئی جس میں نامعلوم آتش گیر مائع موجود تھا۔
تفتیش کاروں کے مطابق حملے سے کچھ دیر پہلے خاتون نے ایک گواہ سے لائٹر مانگا۔ اس کے بعد اس نے میتھیس کے ساتھ دوبارہ جھگڑا کیا مبینہ طور پر اس پر آتش گیر مائع انڈیلا اور اسے آگ لگادی۔
شام چھ بجے کے بعد ہنگامی امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں تو میتھیس بے ہوش اور شدید جھلسا ہوا تھا۔ اسے جیکسن میموریل اسپتال کے رائڈر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے جسم کا کم از کم 80 فیصد حصہ جھلس چکا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق اس کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ وہ اس وقت اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔
واقعے کے بعد ملزمہ نے مبینہ طور پر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ایک گواہ نے اسے روکنے کے لیے مرچوں والا اسپرے استعمال کیا۔
بعد ازاں پولیس نے تعاقب کرکے ملزمہ کو قریبی علاقے سے گرفتار کرلیا۔ ان پر اقدامِ قتل اور شدید جسمانی نقصان کا سبب بننے والی آتش زنی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس کے بقول اس نے پوچھ گچھ کے دوران وکیل کی موجودگی کا قانونی حق استعمال کیا۔ مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔