گلگت بلتستان میں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

گلگت میں لالک جان اسٹیڈیم پر شان دار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ امجد حسین نے بھی شرکت کی


ویب ڈیسک November 01, 2026
فوٹو: اسکرین گریب /اے آئی

گلگت بلتستان میں ڈوگرہ راج سے آزادی کا جشن پاکستان سے وابستگی اور تعمیر و ترقی کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا۔

گلگت بلتستان کے عوام نے یکم نومبر 1947 کو ڈوگرہ راج سے حاصل کی گئی آزادی کی مناسبت سے یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا اور اس موقع پر تاریخی جدوجہد کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان سے اپنی وابستگی اور قومی شناخت کا اظہار بھی کیا۔

یکم نومبر گلگت بلتستان کے عوام کے لیے آزادی کی تاریخی جدوجہد کو یاد کرنے اور روشن مستقبل کی امیدوں کے اظہار کا دن ہے، خطے کے عوام پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی مزید مستحکم کرنے اور قومی سطح پر مؤثر نمائندگی کے خواہش مند ہیں تاکہ گلگت بلتستان ترقی اور خوش حالی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔

ڈوگرہ راج سے آزادی کے دن کے موقع پر گلگت بلتستان بھر میں سرکاری، غیر سرکاری، نجی اور سماجی اداروں، تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

گلگت میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں فائر شو

گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے جشن آزادی گلگت بلتستان کی مناسبت سے یکم نومبر کی شام کو لالک جان اسٹیڈیم گلگت میں شان دار کا اہتمام کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد، خصوصا نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور جوش و خروش اور رنگا رنگ آتش بازی کا مظاہرہ دیکھا۔

عوام نے گلگت بلتستان کے 79 ویں جشن آزادی کو ایک ساتھ مل کر منایا اور اس یادگار تقریب کو بھرپور طریقے سے سراہا۔