میسی اور رونالڈو فیفا ورلڈ الیون 2026 کیلیے نامزد، 26 کھلاڑیوں کی فہرست جاری

رواں سال 73 ممالک سے تعلق رکھنے والے 19 ہزار 806 فٹبالرز نے ووٹنگ میں حصہ لیا


اسپورٹس ڈیسک November 03, 2026

فٹبال کی دنیا کے دو بڑے نام لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر عالمی سطح کے بہترین کھلاڑیوں میں جگہ بنانے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔

دونوں سپر اسٹارز کو 2026 کی فیفا پرو مینز ورلڈ الیون کے لیے نامزد 26 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

نامزد کھلاڑیوں میں ہیری کین، کائیلیان ایمباپے، ایرلنگ ہالینڈ اور لامین یامال سمیت دیگر معروف فٹبالرز بھی شامل ہیں۔

اس ایوارڈ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے فاتحین کا انتخاب صحافیوں یا شائقین کے بجائے خود پروفیشنل فٹبالرز کرتے ہیں۔

فیفا پرو کے مطابق رواں سال 73 ممالک سے تعلق رکھنے والے 19 ہزار 806 فٹبالرز نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔

میسی 39 جبکہ رونالڈو 41 سال کی عمر میں بھی اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ورلڈ الیون کی حتمی ٹیم کا اعلان 9 نومبر 2026 کو کیا جائے گا۔

کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ 4 اگست 2025 سے 19 جولائی 2026 تک لیا گیا ہے۔

حتمی ٹیم میں ایک گول کیپر، تین ڈیفینڈرز، تین مڈفیلڈرز اور تین فارورڈز شامل ہوں گے جبکہ گیارہویں کھلاڑی کا انتخاب سب سے زیادہ ووٹ لینے والے آؤٹ فیلڈ کھلاڑیوں میں سے ہوگا۔