اسپین کے فٹبال کلب ٹینیریفے کے 30 سالہ فارورڈ کھلاڑی جیسس ڈی میگوئل میچ کے دوران حریف گول کیپر سے خوفناک ٹکراؤ کے بعد آئی سی یو میں داخل ہوگئے۔
ہسپانوی سیکنڈ ڈویژن میں ٹینیریفے اور اینڈورا کے درمیان پیر کو کھیلا جانے والا مقابلہ اس وقت روک دیا گیا جب انجری ٹائم کے ساتویں منٹ میں ڈی میگوئل حریف گول کیپر جیسس اوونو سے ٹکرا کر زمین پر گر گئے۔ اس وقت دونوں ٹیموں کا اسکور 2-2 سے برابر تھا۔
کلب انتظامیہ کے مطابق کھلاڑی کی حالت تشویشناک ہونے کے باوجود مستحکم ہے اور انہیں اسپتال کے آئی سی یو میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ہسپانوی میڈیا کے مطابق اسپتال منتقلی کے دوران انہیں دل کا دورہ پڑا جس کے بعد ایمبولینس میں طبی عملے نے انہیں فوری طبی امداد پیش کی۔
آخری اطلاعات کے مطابق وہ تاحال بے ہوش ہیں تاہم خود سانس لے رہے ہیں۔
واقعے کے بعد میدان میں موجود کھلاڑیوں اور شائقین پر سوگوار خاموشی چھا گئی۔
ایمبولینس کے ذریعے میدان سے روانگی پر تماشائیوں نے کھڑے ہوکر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اینڈورا کلب نے بھی ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔