ٹرمپ نے امیدوار مائیک لالر کی حمایت کے لیے یہودی کمیونٹی سے ووٹ کی اپیل کر دی

امریکی صدر نے کانگریس مین مائیک لالر کو یہودی برادری کا بے مثال دوست قرار دے دیا


ویب ڈیسک November 03, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے امیدوار مائیک لالر کی حمایت کے لیے نیویارک اور گردونواح میں مقیم یہودی برادری سے ووٹ دینے کی اپیل کردی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ نیویارک اور اس کے آس پاس کے علاقوں کی یہودی برادری نے 2024 کی صدارتی مہم میں انہیں بڑی تعداد میں ووٹ دیے تھے اور آج ایک بار پھر پورے ملک کی نظریں نیویارک پر لگی ہوئی ہیں۔

ٹرمپ نے کانگریس مین مائیک لالر کو یہودی برادری کا بے مثال دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل ترین وقت میں بھی اس برادری کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ مائیک لالر نے اپنے حلقے کے عوام، امریکا اور یہودی برادری کے لیے انتھک محنت کی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مائیک لالر آئندہ بھی یہودی برادری کی آواز بنے رہیں گے اور اس کے ارکان اور ان کے خاندانوں کے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے۔

ٹرمپ نے یہودی برادری پر زور دیا کہ ہر ووٹ اہمیت رکھتا ہے، اس لیے وہ آج اپنی آواز بلند کریں اور کانگریس کے لیے مائیک لالر کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔