لکی مروت:
لکی مروت گنڈی چوک میں پولیس کے ہاتھوں خودکش بمبار سمیت دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گنڈی چوک پر مشکوک گاڑی کی اطلاع پر پولیس امن کمیٹی نے فوری کارروائی کی، پولیس کو دیکھتے ہی مشتبہ افراد نے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں خودکش بمبار سمیت دو خوارج ہلاک اور ایک زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے مبینہ مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
انکا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے والے پولیس جوان قوم کے ہیروز ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے برآمد شدہ مشکوک سامان سے شبہ ہے کہ وہ بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فرار ہونے والے زخمی خارجی کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔