وزیراعظم آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے راولاکوٹ کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورت حال سمیت انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران پولیس لائنز میں وزیراعظم کو امن و امان کی صورت حال اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا خصوصی دورہ بھی کیا، جہاں فسادی جتھوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم آزادجموں و کشمیر نے راولاکوٹ میں مختلف سکیورٹی چیک پوسٹس کا معائنہ کیا اور وہاں تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے حفاظتی انتظامات کا جائزہ بھی لیا، جبکہ دورے کے دوران شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ورثا میں امدادی چیک تقسیم کیے۔
بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے مختلف سماجی اور عوامی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں راولاکوٹ کی مجموعی صورت حال اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔