بھارتی گلوکارہ کنیکا کپور نے دوسرے شوہر سے بھی علیحدگی کا اعلان کردیا

کنیکا کپور کو 2014 میں فلم ’راگنی ایم ایم ایس 2‘ کے گانے ’بے بی ڈول‘ سے غیر معمولی شہرت ملی


ویب ڈیسک November 04, 2026

بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ کنیکا کپور نے اپنے شوہر گوتم ہتھیرا رمانی سے چار سالہ ازدواجی زندگی کے بعد علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ گلوکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر جاری بیان میں بتایا کہ دونوں نے یہ فیصلہ سوچ بچار کے بعد کیا ہے اور ایک ساتھ گزارے گئے وقت پر شکر گزار ہیں۔

کنیکا نے گوتم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دوستوں اور اہل خانہ سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل مرحلے پر ان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔ دونوں کی شادی 20 مئی 2022 کو لندن میں ایک نجی تقریب کے دوران ہوئی تھی۔ شادی سے پہلے بھی وہ کئی برس سے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور مبینہ طور پر تقریباً 15 سال تک ان کے درمیان تعلق رہا۔

گلوکارہ اس سے قبل بتا چکی ہیں کہ انہوں نے گوتم کو دو مرتبہ شادی کی پیشکش کی تھی۔ پہلی بار 2014 میں اور پھر 2020 میں۔ گوتم سے شادی کنیکا کی دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی شادی 1998 میں، 18 برس کی عمر میں، تاجر راج چندوک سے ہوئی تھی۔ اس رشتے سے ان کے تین بچے ہیں۔

کنیکا کپور کو 2014 میں فلم ’راگنی ایم ایم ایس 2‘ کے گانے ’بے بی ڈول‘ سے غیر معمولی شہرت ملی۔ اس کے بعد بھی انہوں نے متعدد مقبول بالی ووڈ گیت گائے، جن میں ’دیسی لک‘ اور فلم ’اڑتا پنجاب‘ کا ’دا ڈا ڈسے‘ شامل ہیں۔