عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر ایلن واکر کی لاہور آمد نے پاکستانی مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایلن واکر نے انسٹاگرام پر لاہور کی گلیوں میں گھومنے پھرنے کی ویڈیوز اور اسٹوریز شیئر کیں، جن سے ان کی پاکستان آمد کی خبر سامنے آئی۔
ان کی انسٹاگرام اسٹوریز سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ پاکستانی گلوکاروں حمزہ ملک اور زین ذوہیب کے ساتھ کسی میوزک پروجیکٹ پر کام کرنے کے لیے لاہور آئے ہیں۔ ایلن واکر نے گانے ’الفاظ‘ کی میوزک ویڈیو بھی دیکھی، جس میں گلوکاروں کے پیچھے ماسک پہنے ایک شخص موجود تھا۔ اس شخص کا لباس ایلن واکر کے مخصوص انداز سے مشابہ دکھائی دیتا ہے۔
’فیڈڈ‘ سے عالمی شہرت پانے والے ایلن واکر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دلچسپ انداز میں سوال کیا کہ اس میں ایلن واکر جیسا نظر آنے والا شخص کون ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے گانے کی تعریف بھی کی۔ بعدازاں انہوں نے یوٹیوب پر حمزہ ملک کی جانب سے دیے گئے جواب کا اسکرین شاٹ بھی اپنی اسٹوری پر شیئر کیا۔
حمزہ ملک نے جواب میں لکھا کہ ایلن واکر فی الحال ایک معمہ ہیں، تاہم شاید وہ مل کر ان کا سراغ لگا سکتے ہیں۔ اس کے بعد 29 سالہ ڈی جے نے ایئرپورٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ حمزہ نے انہیں جواب دے دیا ہے اور یہ گانا ہر جگہ سنائی دے رہا ہے۔ ایلن واکر نے لاہور پہنچ کر اس کام کو مکمل کرنے کا اعلان بھی کیا۔
ایلن واکر کی ایک اور ویڈیو میں انہیں لاہور کی سڑکوں پر دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حمزہ ملک اور زین ذوہیب کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی، تاہم اب تک نہ تو ایلن واکر اور نہ ہی پاکستانی گلوکاروں نے اس ممکنہ منصوبے کی مزید تفصیلات بتائی ہیں۔ اس مختصر پیش رفت نے مداحوں میں نئے میوزک تعاون کے حوالے سے خاصا جوش پیدا کر دیا ہے۔
گانا ’الفاظ‘ دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کر چکا ہے اور اسپاٹیفائی کے ٹاپ 50 گلوبل چارٹ میں بھی جگہ بنا چکا ہے۔ دوسری جانب ایلن واکر کو 2015 میں اپنے مقبول گانے ’فیڈڈ‘ سے عالمی سطح پر پہچان ملی، جس میں گلوکارہ آئسلن سولہائم نے آواز دی تھی۔ یہ گانا 14 ممالک میں پلاٹینم سرٹیفکیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
ایلن واکر کے معروف گانوں میں ’فیڈڈ‘، ’آلوون‘ اور ’دی اسپیکٹر‘ شامل ہیں، جنہیں یوٹیوب پر ایک، ایک ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ ان کے دیگر مقبول گیتوں میں ’سنگ می ٹو سلیپ‘، ’ڈارک سائیڈ‘، فاروکو اور سبریانا کارپنٹر کے ساتھ ’آن مائی وے‘ اور ایوا میکس کے ساتھ ’آلوون، پارٹ ٹو‘ شامل ہیں۔ پرفارمنس کے دوران ماسک پہننا بھی ایلن واکر کی پہچان بن چکا ہے۔