قائداعظم ٹرافی میں قومی ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کو مبینہ طور پر غلط کیچ آؤٹ قرار دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر کرکٹ شائقین کی جانب سے امپائرنگ پر تنقید کی جارہی ہے۔
لاہور وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم فاٹا کے خلاف 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور وائٹس کے 120 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ تھے اور بابر کریز پر موجود تھے۔ فاسٹ بولر آفاق کی گیند بظاہر بیٹ سے لگے بغیر وکٹ کیپر کے گلوز میں گئی، تاہم اپیل پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔
قومی ٹیسٹ کپتان کی فارم بھی تاحال بحال نہیں ہوسکی۔ اس سے قبل پریذیڈنٹ ٹرافی میں بھی وہ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔
دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ڈبل سنچری اسکور کرلی ہے۔