کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں قدرتی ماحول کے درمیان سیر کے لیے جانے والی ماں اور بیٹی ریچھ کے مبینہ حملے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں دونوں کی لاشیں الگ الگ دنوں میں برآمد ہوئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 48 سالہ جینیفر بالکارس اور ان کی 20 سالہ بیٹی سیلا ریڈ ہفتے کے روز بیلا کولا کے علاقے میں واقع اسنوکا ویسٹ ٹریل پر ہائیکنگ کے لیے گئی تھیں۔ یہ راستہ ان کے گھر سے محض چند منٹ کی فاصلے پر واقع تھا۔
دونوں کی گمشدگی کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب جینیفر ایک طے شدہ آن لائن ملاقات میں شریک نہ ہوئیں۔ تلاش کے دوران پیر کو ان کی لاش ملی جبکہ بیٹی کی لاش منگل کو برآمد کی گئی۔
جینیفر کے بھائی کے مطابق وہ چار بچوں کی ماں اور دادی بھی تھیں۔ واقعے نے علاقے میں جنگلی حیات اور انسانی سلامتی سے متعلق تشویش بڑھا دی ہے۔
برٹش کولمبیا کے تحفظِ جنگلی حیات کے ادارے کے اہلکار جیف ٹائر نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد ریچھ کے حملے کی جانب اشارہ کرتے ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا حملہ آور ایک ہی ریچھ ملوث تھا یا ایک سے زیادہ تھے۔
جنگل میں ریچھوں کی تلاش کے آپریشن میں مصروف حکام نے بتایا کہ پکڑے جانے والے جانوروں کا معائنہ کیا جائے گا اور حملے میں ملوث ہونے کی تصدیق پر عوامی تحفظ کے پیش نظر انہیں ہلاک بھی کیا جاسکتا ہے۔