مہمند میں صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی، عوامی سہولیات کی بہتری کے اقدامات تیز کردیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومتی ذرائع کے مطابق بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبرپختونخوا کے تحت ڈپٹی کمشنر مہمند کی خصوصی ہدایات پر لوئر سب ڈویژن اور تحصیل حلیم زئی میں صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔
تحصیل یکہ غنڈ سمیت مختلف مقامات پر ڈسٹ بن خالی کیے گئے، جبکہ تحصیل پنڈیالی کے وی سی ون ڈنڈ کلے میں لنک روڈ کی مرمت و بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا۔ ضلعی ہیڈکوارٹر اور تحصیل حلیم زئی کے گلی محلوں، عوامی مقامات اور اطراف کی صفائی کی گئی اور کچرا اٹھایا گیا۔
خیبرپختونخوا حکومتی ذرائع کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ، سب ڈویژنل انتظامیہ اور متعلقہ ٹیمیں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہیں۔
صفائی اور سڑکوں کی بحالی کے اقدامات کا مقصد شہریوں کو بلا تعطل آمدورفت، بہتر سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔