حنا جاوید قتل کیس؛ مقتولہ کے اہل خانہ کا اہم مطالبہ سامنے آگیا

مقتولہ کے بھائی نے حنا جاوید کے فلیٹ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے


عمران اصغر November 05, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی میں قتل ہونے والے حنا جاوید کے کیس کا چالان مکمل ہونے سے پہلے مقتولہ کے اہل خانہ کا اہم مطالبہ سامنے آگیا ہے اور مقتولہ کے بھائی نے پولیس تفتیش اور اعلیٰ سطح کی تفتیشی ٹیم پر ایک بار پھر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

حنا جاوید قتل کیس کے مدعی اور مقتولہ کے بھائی فہد جاوید نے محتسب پنجاب کو ارسال کردہ خط میں پولیس چالان میں شامل شواہد کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقتولہ کے بھائی نے پولیس تفتیش اور اعلیٰ سطح کی تفتیشی ٹیم پر دوبارہ عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے دونوں کی رپورٹس کی تصدیق شدہ نقول بھی طلب کی ہیں۔

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈی این اے اور پولی گراف ٹیسٹ سمیت تمام متعلقہ رپورٹس فراہم کی جائیں، مقتولہ کے موبائل فون کی تفصیلی کال ڈیٹیل اور میسجز کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔

فہد جاوید نے حنا جاوید کے فلیٹ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

خط میں ملزم فیصل اصغر کے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران ہراسانی سے متعلق کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔