خیبرپختونخوا کی حکومت نے صوبے میں 20 ہزار گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کی مجموعی لاگت دو ارب روپے تجویز کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا انٹرن شپ پروگرام کے خدوخال، تیاریوں اور عملی نفاذ کے طریقہ کار پر گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم وسماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کو بریفنگ دی گئی جہاں بتایا گیا کہ تین ماہ پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کی مجموعی لاگت 2 ارب روپے تجویز کی گئی ہے اور انٹرن شپ پروگرام میں 50 فیصد کوٹہ مردوں اور 50 فیصد خواتین کے لیے مختص ہوگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تین سی جی پی اے کے حامل گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام کے اہل ہوں گے، خیبرپختونخوا ڈومیسائل کے حامل گریجویٹس کو انٹرن شپ فراہم کی جائے گی اور گریجویٹس کو ترجیحی صنعتوں، سافٹ ویئر ہاؤسز اور کاروباری اداروں میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام میں نجی شعبے کے اداروں کو اولین ترجیح دی جائے گی، انٹرن شپ پروگرام کے تحت ہر گریجویٹ کو ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، فارماسیوٹیکل، آئی ٹی، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، سیاحت، زراعت اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں انٹرن شپ فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر انٹرن شپ پروگرام کے لیے مرکزی آن لائن پورٹل تیار کرنے اور ایک ہفتے میں فعال کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ گریجویٹس کے انتخاب، تربیت اور انٹرن شپ پلیسمنٹ کے لیے جامع ضوابط اور گائیڈ لائنز مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کے تحت وظائف کی ادائیگی کے لیے پیپر لیس اور آن لائن نظام وضع کیا جائے اور ہدایت کی کہ گریجویٹس کو وظائف کی بروقت اور حتی الامکان ایک ہی دن میں ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام میں اضلاع کی آبادی کے تناسب سے گریجویٹس کی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ْ
مشیر تعلیم نے ہدایت کی کہ انٹرن شپ پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم میں مربوط انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے اور گریجویٹس کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری اور مسابقتی عملی تربیت فراہم کی جائے۔