خیبرپختونخوا؛ لوکل کونسل کا بلدیاتی انتخابات کا التوا آئینی عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

وکلا سے مشاورت کرلی ہے اور اس فیصلے کو آئینی عدالت میں چیلنج کریں گے، چیئرمین لوکل کونسل ایسوسی ایشن حمایت اللہ مایار


احتشام بشیر November 05, 2026
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے چئیرمین حمایت اللہ مایار نے کہا کہ آرٹیکل 140(اے) معطل ہی نہیں اس بنیاد پر الیکشن ملتوی کرنا آئین اور قانون کے برعکس ہے۔

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد آرٹیکل 140(اے) معطل ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے جبکہ لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو آئین و قانون برعکس قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔

حمایت اللہ مایار نے کہا کہ جب ملک میں مارشل لا نافذ تھا اور آئین معطل تھا اس وقت بھی ملک میں بلدیاتی انتخابات ہوئے، ایوب خان کے دور سے لے کر جنرل ضیا الحق ارو جنرل مشرف کے دور میں بھی بلدیاتی انتخابات ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی سیاسی حکومتیں آئیں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) جمہوری جماعتیں ہونے کے باوجود بلدیاتی الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 6 سال سے زائد ہوگئے، بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، سندھ میں بلدیاتی حکومتوں کو توسیع دے دی گئی، بلوچستان میں بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے اور اب خیبرپختونخوا میں بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں۔

حمایت اللہ مایار نے کہا کہ ہم نے وکلا سے مشاورت کرلی ہے اور اس فیصلے کو آئینی عدالت میں چیلنج کریں گے۔