سی ویو کے قریب ڈبل کیبن گاڑی کی موٹرسائیکل سوار کو ٹکر، 1 جاں بحق دو زخمی

متوفی کی شناخت 20 سالہ صادق کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 18 سالہ عبدالرزاق اور 18 سالہ احمد شامل ہیں


منور خان November 06, 2026

کراچی کے علاقے سی ویو درخشاں پولیس چوکی کے قریب ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 2 نوجوان زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعرات کی شب سی ویو درخشاں پولیس چوکی کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار تین نوجوان شدید زخمی ہوئے۔

حادثے کے بعد ریسکیو حکام نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا تاہم اس دوران ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایدھی حکام کے مطابق حادثہ ڈبل کیبن گاڑی کی موٹر سایئکل کو ٹکر سے پیش آیا ہے جبکہ متوفی کی شناخت 20 سالہ صادق کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 18 سالہ عبدالرزاق اور 18 سالہ احمد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈبل کیبن گاڑی جائے وقوعہ پر موجود ہے اور اس حوالے سے پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔