ایبٹ آباد: ہزارہ موٹروے پر حویلیاں انٹرچینج کے قریب گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان خوفناک تصادم میں 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس کا ٹائر پھٹنے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس ڈمپر سے جا ٹکرائی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی 7 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔
ایبٹ آباد ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں اور میتوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق گلگت سے بتایا جا رہا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہزارہ موٹر وے پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔