پاکستانی کیڈٹس کی چین میں منعقدہ 13 ویں انٹرنیشنل آرمی کیڈٹس ویک میں شاندار کامیابی

ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ 11 ممالک کی فوجی اکیڈمیوں اور چین کی 18 فوجی اکیڈمیوں کے کیڈٹس شریک ہوئے


ویب ڈیسک November 06, 2026

اسلام آباد:

چین کی آرمی انجینئرنگ یونیورسٹی نانجنگ میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستانی کیڈٹس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔

ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ 11 ممالک کی فوجی اکیڈمیوں اور چین کی 18 فوجی اکیڈمیوں کے کیڈٹس شریک ہوئے، پاکستان کے کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کے کیڈٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ ممالک کی حصہ لینے والی بین الاقوامی ٹیموں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

جبکہ مجموعی طور پر 29 چینی اور بین الاقوامی ٹیموں میں پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل اپنے نام کیا، پاکستانی کیڈٹس کی ٹیم نے مقابلے کی کانسیپٹ اینڈ پیپر کیٹیگری میں اپنا پروجیکٹ ’’باکسر اَن مینڈ گراؤنڈ وہیکل‘‘ پیش کیا۔

ایونٹ میں میانمار، آذربائیجان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، مصر اور ویتنام سمیت دیگر غیر ملکی ٹیموں نے بھی حصہ لیا، پاکستانی کیڈٹس کی کامیابی پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، تخلیقی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی میں قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔