راولپنڈی:
پاکستان اور تاجکستان کی مشترکہ مشق دوستی III اختتام پذیر ہوگئیں، دو ہفتے جاری رہنے والی مشق میں انسداد دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے، آپریشنل مشقوں اور طریقہ کار کو بہتر بنانے سمیت جنگی مہارتوں کو بڑھانے پر مرکوز رہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کی افواج کے درمیان دوطرفہ انسداد دہشت گردی مشق کا تیسرا ایڈیشن اسپیشل آپریشنز اسکول، چیراٹ میں اختتام پذیر ہوگیا۔
چھبیس اکتوبر سے شروع ہونے والی اس مشق کے دوران انسداد دہشت گردی کے تجربات سے استفادے، آپریشنل مشقوں اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کے طریقہ کار کو بہتر بنانے سمیت بہترین طریقوں کے تبادلے کے ذریعے جنگی مہارتوں کو بڑھانے پر توجہ مرکوز رہی۔
مشق پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کی عکاسی کرتی ہے اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔