باسکٹ بال کی تاریخ کی ناقابل یقین غلطی، کھلاڑی نے اپنی ہی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا

ایما ابتدا میں خوشی کا اظہار کرتی نظر آئیں تاہم حقیقت سامنے آنے پر انہوں نے شرمندگی سے چہرہ ہاتھوں میں چھپا لیا


اسپورٹس ڈیسک November 07, 2026

امریکی کالج ویمنز باسکٹ بال کے ایک میچ میں ایسا دلچسپ اور حیران کن واقعہ پیش آیا جس نے شائقین اور کمنٹیٹرز کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔

جمعے کو سدرن یوٹاہ کے خلاف مقابلے میں آخری کوارٹر کے اختتام میں صرف 20 سیکنڈ باقی تھے اور نیو میکسیکو اسٹیٹ کی ٹیم 60 کے مقابلے میں 61 پوائنٹس کے ساتھ یعنی صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے آگے تھی۔

اسی دوران ایما کرسٹیانو نے حریف ٹیم کا پاس روکا اور تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے گیند باسکٹ میں ڈال دی تاہم بدقسمتی سے یہ مخالف ٹیم کے بجائے ان کا اپنا باسکٹ تھا۔

کمنٹیٹر نے ابتدا میں اسے نیو میکسیکو اسٹیٹ کی برتری سمجھا لیکن دوسرے کمنٹیٹر نے فوراً غلطی کی نشاندہی کردی۔

ایما بھی ابتدا میں خوشی کا اظہار کرتی نظر آئیں تاہم حقیقت سامنے آنے پر انہوں نے شرمندگی سے چہرہ ہاتھوں میں چھپا لیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ساتھی کھلاڑیوں نے آخری لمحات میں شاندار واپسی کرتے ہوئے دو باسکٹ اسکور کیے۔

اسٹیسی چووینو نے کھیل ختم ہونے سے صرف دو سیکنڈ قبل فیصلہ کن باسکٹ کرکے اپنی ٹیم کو 63 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے کامیابی دلادی۔

حیرت انگیز طور پر اسی روز آرکنساس کے ایک میچ میں بھی کھلاڑی نے اپنی ہی ٹیم کے باسکٹ میں گیند ڈال دی تھی۔