تبلیغی اجتماع کی اختتامی دعا، کل صبح 6 سے دوپہر 1 بجے تک رائیونڈ جانے والے تمام راستے بند رہیں گے

ٹریفک حکام کی شہریوں کو کل رائے ونڈ روڈ پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت


افضال طالب November 07, 2026

لاہور:

رائے ونڈ عالمی اجتماع کی اختتامی دعا اور شرکا کے انخلاء کے پیش نظر کل صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائے ونڈ جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اختتامی دعا کے وقت رائے ونڈ سٹی آنے والی شاہراہوں پر شرکا کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلایا جائے گا جبکہ رائے ونڈ جانے والے راستوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی۔

رائے ونڈ روڈ پر پاجیاں موڑ، قزلباش چوک، موٹروے اور ٹھوکر نیاز بیگ تک دونوں اطراف ون وے ٹریفک چلائی جائے گی۔ بھوبتیاں چوک سے موہلنوال تک بھی شرکا کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلایا جائے گا۔

اسی طرح سندر روڈ، رائے ونڈ روڈ سے سندر اڈا ملتان روڈ، رائے ونڈ مانگا روڈ، کوٹ رادھا کشن روڈ اور صوئے آصل روڈ پر بھی یکطرفہ ٹریفک چلائی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ انخلاء کے دوران موٹروے اور رنگ روڈ سے رائے ونڈ کی جانب ٹریفک کو اترنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ رائے ونڈ، مانگا، سندر اور موہلنوال روڈ پر روڈ کراسنگ بھی بند رہے گی۔

انخلاء کے لیے پہلے موٹرسائیکل اور رکشہ اسٹینڈز، اس کے بعد کار اور ویگن اسٹینڈز جبکہ آخر میں بس اور ٹرک اسٹینڈز خالی کروائے جائیں گے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی وارڈنز اور دفتری عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

سی ٹی او نے شہریوں کو صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائے ونڈ روڈ پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک کا دباؤ کم ہونے پر سڑکوں کو معمول کے مطابق کھول دیا جائے گا۔ شہری رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے رائے ونڈ اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف آفیسر ایم سی ایل کلیم یوسف، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان اور ڈی ایم ڈی واسا عبدالطیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اجتماع کے منتظمین نے ڈی سی لاہور کو دعا، ٹریفک اور صفائی سمیت مختلف انتظامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی اجتماع میں 109 ممالک سے زائرین شریک ہیں۔

ڈی سی لاہور نے طبی سہولیات، پارکنگ اور میڈیکل کیمپس کو فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کیمپس میں تمام ضروری ادویات کی دستیابی اور اجتماع گاہ سمیت اطراف میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انتظامیہ کے مطابق اختتامی دعا کے بعد اجتماع کا دوسرا مرحلہ 12 نومبر سے شروع ہوگا۔