شبقدر، چارسدہ، فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کے پہلے بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی، شبقدر ٹریننگ سینٹر میں منعقدہ پروقار تقریب کے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔
تاریخ میں پہلی بار 35 خواتین سمیت چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 983 جوان پاس آوٹ ہوئے، وفاقی وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا، چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی پیشہ وارانہ تربیت کے مظاہرے دیکھے، وفاقی وزیر داخلہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والےجوانوں میں انعامات تقسیم کیے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو سراہا اور کہا کہ شاندار پریڈ نے ثابت کیا کہ آپ سب متحد اور منظم ہیں اور اپنے مشن کے لیے پوری طرح تیار ہیں، آپ کی کارکردگی نا صرف آپ کی عملی تربیت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ آپ کے عزم، حوصلے اور ملک کی خدمت کے جذبے کو بھی واضح کرتی ہے، آپ فیڈرل کانسٹیبلری میں آنے والی بڑی تبدیلی کے عملی نمائندے ہیں، آپ اس نئے دور کے پہلے سپاہی ہیں، ایسا دور جس کی بنیاد ذمہ داری، واضح سمت، جدید تقاضوں اور قومی خدمت کے نئے جذبے پر رکھی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ کا عمل اور رویہ ہی ان اصلاحات کو حقیقت کا روپ دے گا، فیڈرل کانسٹیبلری جو پہلے فرنٹیئر کانسٹیبلری تھی ایسی فورس ہے جس کی تاریخ ایک صدی سے زیادہ پرانی ہے، یہ فورس اپنے ورثے، اپنی روایات اور اپنے کردار کے باعث ہمیشہ نمایاں رہی ہے، اس فورس نے ہمیشہ بدلتے ہوئے ملکی حالات اور سیکیورٹی چیلنجز کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالا ہے، یہ فورس دہشت گردی کے خلاف آپریشنز، سرکاری تنصیبات کی حفاظت، قومی منصوبوں کی سیکیورٹی،اور امن و امان کی ذمہ داریوں میں ہمیشہ صفِ اول رہی ہے۔
محسن نقوی کے مطابق آپ کی تربیت اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے وزارت داخلہ نے عملی اقدامات کیے ہیں، ایف سی ٹریننگ اکیڈمی شبقدر کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے،جدید سوئمنگ پول کی منظوری دی جا چکی ہے، جوانوں کو عربی اور انگریزی زبانوں کے کورسز کرائے گئے ہیں،ہمیں اس فورس پر فخر ہے۔ چاہے دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو، سرکاری تنصیبات کی حفاظت ہو یا کسی مشکل صورت حال میں امن و امان کی بحالی، فیڈرل کانسٹیبلری نے ہمیشہ ثابت قدمی، ذمہ داری اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ پہلی مرتبہ وفاقی حکومت کے لیے اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کا حصہ بن رہے ہیں، یہ ایک تاریخی ذمہ داری ہے، آپ کی پیشہ وارانہ صلاحیت، آپ کا تحمل، آپ کا نظم و ضبط ، اور آپ کا فیصلہ سازی کا معیار، حساس حالات میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا، آپ کا ہر عمل ریاست کے وقار، قانون کی بالا دستی اور عوام کے اعتماد کی نمائندگی کرے گا، یقین ہے کہ آپ اس ذمہ داری پر پورا اتریں گے۔
وزیر داخلہ نے انسپکٹر جنرل فیڈرل کانسٹیبلری اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کی شاندار پریڈ اور جوانوں کی اعلیٰ تربیت آپ سب کی محنت، قیادت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیر داخلہ کی پاس آؤٹ ہونے والے تمام جوانوں کو دلی مبارکباد اور کہا کہ عزت، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ اس ملک کی خدمت کریں، پاکستان کو آپ پر فخر ہے،