پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں احمد نگر میں شوہر نے مبینہ طور پر بیوی کو کرنٹ لگا کر قتل کردیا۔ مقتولہ کی شناخت 24 سالہ مصباح کے نام سے ہوئی ہے، جو دو بچوں کی ماں تھی۔ سسرال والوں نے خاتون کی موت کو دل کا دورہ قرار دیا تھا۔
غسل کے دوران مقتولہ کے پاؤں پر جلنے کے نشانات سامنے آئے، جس کے بعد واقعے کا معاملہ مشکوک ہوگیا۔ والدہ کی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ پولیس نے قتل کیس میں مرکزی ملزم شوہر تنویر اور اس کے ساتھی اصغر کو گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی وجہ سامنے آئے گی۔