خیبر:
ضلع خیبر میں پُراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے 5 کمسن بچے جاں بحق اور 2 بے ہوش ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحصیل بازار ذخہ خیل کے علاقے قاضیانو کلے میں 7 کمسن بچوں کے بے ہوش ہونے پر انہیں پشاور کے اسپتال لے جایا جا رہا تھا، جس میں سے پانچ بچے پشاور منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گئے جبکہ دو کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچے شاہ جی نامی شخص کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ جاں بحق بچوں کی عمریں پانچ سال سے کم بتائی جاتی ہیں، جن میں تین بچیاں اور دو کمسن لڑکے شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی کے مطابق متاثرہ بچوں کو ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ٹیم نے فوری طور پر پشاور منتقل کیا، جہاں ان کی مکمل نگہداشت اور علاج معالجہ جاری ہے۔
ابتدائی طور پر بچوں کے مختلف ٹیسٹ کلیئر آئے ہیں، تاہم بیماری کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ دونوں متاثرہ بچوں کو مزید طبی معائنے اور مکمل نگرانی کیلئے ہسپتال میں رکھا جائے گا تاکہ بیماری کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے طبی ماہرین اس پُراسرار بیماری کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام وزیر نے ہسپتال کا دورہ کیا، متاثرہ بچوں کے علاج معالجے، طبی رپورٹس اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا، طبی عملہ نے صورتحال پر بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خیبر متاثرہ بچوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور واقعے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کیلئے متحرک ہے۔