لاہور میں میں آلودگی خطرناک قرار، جنگلی حیات بھی متاثر

9 نومبر کو صبح 9 بجے لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 489 تھا، جو سہ پہر 3 بجے کم ہو کر 232 رہ گیا


آصف محمود November 09, 2026

لاہور میں پیر کے روز فضائی آلودگی کی سطح چند گھنٹوں کے دوران نمایاں کم ہونے کے باوجود شہر کی فضا بدستور صحت کے لیے خطرناک ہے۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق 9 نومبر کو صبح 9 بجے لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 489 تھا، جو سہ پہر 3 بجے کم ہو کر 232 رہ گیا۔

تاہم پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 2 سے 8 نومبر کے دوران لاہور میں باریک آلودہ ذرات (پی ایم 2.5) کی اوسط مقدار 214 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی، جو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی مقررہ گائیڈ لائن سے 14.3 گنا زیادہ ہے۔

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق چھ گھنٹوں کے دوران اے کیو آئی میں 257 پوائنٹس، یعنی تقریباً 53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ شہر کے تمام 11 مانیٹرنگ اسٹیشنز پر بھی آلودگی کی سطح میں کمی دیکھی گئی۔ اس دوران اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں اور تقریباً 640 کلومیٹر طویل روٹس پر مِسٹ اسپرے کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ایجرٹن روڈ پر اے کیو آئی 500 سے کم ہو کر 167 رہ گیا، جہاں 333 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جی ٹی روڈ پر 328، ڈی ایچ اے فیز 6 میں 321، شاہدرہ میں 317، برکی روڈ پر 312 اور پنجاب یونیورسٹی کے علاقے میں 305 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ واہگہ بارڈر، گلبرگ تھری، کاہنہ، سفاری پارک اور ملتان روڈ کے مانیٹرنگ اسٹیشنز پر بھی آلودگی میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق  صبح کے وقت آلودگی میں اضافے کی وجوہات میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی، علاقائی فضائی آلودگی اور سرحد پار سے آنے والی آلودہ ہوائیں ہیں۔

محکمہ ماحولیات کے ممبر آپریشنز اور فوکل پرسن ساجد بشیر کے مطابق آلودگی کے زیادہ دباؤ والے علاقوں میں اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے مِسٹ اسپرے اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کلائمیٹ واچ کے ڈیٹا کی مدد سے آلودگی سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرکے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ 

دوسری جانب پی اے کیو آئی کی رپورٹ کے مطابق 2 سے 8 نومبر کے دوران پاکستان کے زیرِ جائزہ شہروں میں ملتان فضائی آلودگی کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 241 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور 214 مائیکروگرام فی مکعب میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 49 جبکہ اسلام آباد میں 65 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی۔ یہ مقداریں بھی عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن سے بالترتیب 3.3 اور 4.4 گنا زیادہ تھیں۔

پی اے کیو آئی نے 11 نومبر تک کی پیش گوئی میں لاہور میں پی ایم 2.5 کی سطح 179، ملتان میں 123، کراچی میں 65 اور اسلام آباد میں 71 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب لاہور کی فضائی آلودگی اور اسموگ صرف انسانوں ہی نہیں بلکہ جنگلی حیات کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق آلودہ فضا میں موجود باریک ذرات جانوروں کے نظامِ تنفس کو متاثر کرتے ہیں، جبکہ پرندوں کی خوراک تلاش کرنے، شکار کرنے اور نقل مکانی کی صلاحیت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

لاہور چڑیا گھر کے سینیئر ویٹرنری آفیسر  ڈاکٹر محمد اظہر کا کہنا ہے کہ پی ایم 2.5 کے ذرات پھیپھڑوں میں داخل ہوکر سانس کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں، جبکہ اوزون اور دیگر زہریلی گیسیں سانس کی نالیوں میں سوزش پیدا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسموگ کے باعث حدِ نگاہ میں کمی بھی پرندوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے، اس سے ناصرف جانور وں اور پرندوں کا نظام تنفس خراب ہوتا ہے بلکہ ان کی طبعی عمرمیں کمی اور افزائش کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔

لاہور سٹی بائیو ڈائیورسٹی ایکشن پلان کے مطابق 1992 میں شہر میں پرندوں کی 101 اقسام ریکارڈ کی گئی تھیں، جبکہ 2025 کے سروے میں یہ تعداد کم ہوکر 69 رہ گئی، اس طرح 34 سال میں ریکارڈ ہونے والی اقسام میں 32 کی کمی سامنے آئی ہے جبکہ  2025 کی ایک تحقیق میں بھی آلودگی اور شہری پھیلاؤ کے باعث پرندوں کے قدرتی خوراک کے نظام اور حیاتیاتی تنوع میں تبدیلی کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ماہرجنگلی حیات اور لاہور چڑیا گھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہ زیب خورشید کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اربن وائلڈلائف متاثر ہورہی ہے تاہم اس میں صرف فضائی آلودگی اور اسموگ کی وجہ نہیں بلکہ تیزی سے بڑھتی شہرکاری، زرعی رقبوں اور وائلڈلائف مساکن میں کمی بھی بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیپٹووائلڈلائف یعنی چڑیا گھروں اورسفاری پارک میں جانوروں اورپرندوں کی ویکسی نیشن کی جاتی ہے۔موسم کے مطابق انہیں خوراک دی جاتی ہے، درجہ حرارت کا خیال رکھا جاتا ہے اس وجہ سے ان کی طبعی عمر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے  حکام کے مطابق اسموگ کے موسم میں جانوروں کے علاج کے لیے آنے والے کیسز میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جنگلی حیات کو آلودگی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے قدرتی مسکن کا تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی ضروری ہے۔ ڈاکٹر محمد اظہرکہتے ہیں سموگ اورسردی کے موسم میں شہری اپنے گھروں کی چھتوں اور کھلے مقامات  پر پرندوں کے لئے پینے کے صاف پانی اور دانہ کا انتظام کریں۔ مویشیوں اورپرندوں کو رات کے وقت کھلے ایریا میں نہ رکھیں۔ موسم کی مطابق جانوروں اورپرندوں کی ویکسی نیشن کروائیں اور مناسب خوراک مہیا کریں۔