عالمی سیاست کا منظرنامہ اس وقت ایک ایسے نازک موڑ پر کھڑا ہے جہاں جنگی قوت، انتخابی نتائج، داخلی سیاسی اضطراب اور سفارتی حکمت عملی ایک دوسرے کے مستقبل کا تعین کر رہے ہیں۔ واشنگٹن کے ایوان اقتدار سے تہران کے سیاسی مراکز تک اور تل ابیب کی سیاسی بساط سے دوحہ کی سفارتی راہداریوں تک پھیلی ہوئی سرگرمیاں اس حقیقت کی نشان دہی کرتی ہیں کہ موجودہ عالمی بحران محض دو ممالک کے درمیان کشمکش نہیں بلکہ طاقت کے روایتی تصورات، علاقائی بالادستی اور بین الاقوامی نظام کی نئی تشکیل کا معاملہ بن چکا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملوں کے امکانات کو مذاکرات میں پیش رفت سے مشروط کرنا بظاہر مفاہمت کی ایک کھڑکی کھولتا ہے، لیکن تہران کی جانب سے مذاکراتی رابطوں کی عدم موجودگی کا اعلان اس امید کو فوری طور پر حقیقت میں تبدیل ہونے سے روک رہا ہے۔ یہی تضاد موجودہ سفارتی صورت حال کا بنیادی جوہر ہے کہ دونوں فریق جنگ سے بچنے کی خواہش کے باوجود اپنے اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے تقاضوں پر سمجھوتے کے لیے آمادہ دکھائی نہیں دیتے۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کی جڑیں محض حالیہ واقعات تک محدود نہیں۔ اس تنازعے میں جوہری پروگرام، علاقائی اثرورسوخ، اقتصادی پابندیاں، بحری راستوں کا تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں طاقت کا توازن جیسے متعدد پیچیدہ عوامل شامل ہیں۔ ٹرمپ کا یہ کہنا کہ مذاکرات میں پیش رفت کی صورت میں حملے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوں گے، ایک اہم سیاسی اشارہ ضرور ہے، تاہم سفارت کاری میں محض بیانات کافی نہیں ہوتے۔ اس کے لیے اعتماد سازی، واضح ضمانتوں اور قابلِ عمل اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔ دوسری طرف ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد کسی مذاکراتی پیش رفت اور ثالثوں کے دوروں کی تردید بھی اس امر کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ سفارتی عمل فی الحال تعطل کا شکار ہے۔
اس تعطل کے معاشی اور جغرافیائی اثرات بھی کم سنگین نہیں۔ عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین کا یہ انکشاف کہ واشنگٹن نے ایران کے ساتھ صرف دو سرحدی راستوں کے علاوہ دیگر سرحدی گزرگاہیں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اس بات کی علامت ہے کہ اقتصادی دباؤ کو سفارتی مذاکرات میں ایک موثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ تاہم پابندیوں کا دائرہ وسیع کرنے سے صرف مطلوبہ ریاست متاثر نہیں ہوتی بلکہ ہمسایہ ممالک کی تجارت، سرحدی معیشت اور علاقائی روابط بھی مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔
ایران اور عراق کے درمیان اقتصادی تعلقات پر دباؤ کا نتیجہ دونوں ممالک کے عوام اور کاروباری حلقوں کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح آبنائے ہرمز کے مشرق میں آئل ٹینکر کا بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آنا محض ایک بحری حادثہ نہیں بلکہ عالمی توانائی کی رسد کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ یہ گزرگاہ عالمی تیل کی تجارت میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ یہاں کسی بڑے تصادم کی صورت میں تیل کی قیمتوں، بحری بیمہ، تجارتی اخراجات اور عالمی منڈیوں میں شدید بے یقینی پیدا ہوسکتی ہے۔ اس لیے اس اہم آبی گزرگاہ کو عسکری محاذ آرائی سے محفوظ رکھنا تمام متعلقہ ممالک کی مشترکہ ذمے داری ہے۔
اس تمام صورت حال میں قطر کی سفارت کاری ایک اہم امید بن کر سامنے آتی ہے۔ امریکی صدر اور قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کی وائٹ ہاؤس میں مجوزہ ملاقات اس اعتبار سے اہم ہے کہ دوحہ امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں کا ایک قابل اعتماد ذریعہ بننے کی کوشش کر رہا ہے۔ قطر کی جغرافیائی حیثیت، امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات اور ایران کے ساتھ اس کے علاقائی روابط اسے ایسا سفارتی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں جو براہِ راست متحارب فریقوں کے درمیان رابطے برقرار رکھ سکے۔
تاہم ثالثی کا عمل محض ملاقاتوں اور خوش گمانیوں سے کامیاب نہیں ہوتا۔ اس کے لیے دونوں جانب سے سیاسی لچک، قابل قبول شرائط اور باہمی اعتماد ضروری ہیں۔ پاکستان، قطر، سعودی عرب اور ترکیہ سمیت خطے کے بااثر ممالک بھی اس بحران کے پُرامن حل میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ پاکستان کا سفارتی تجربہ، ایران کے ساتھ جغرافیائی قربت اور خلیجی ممالک سے مضبوط تعلقات اسے کشیدگی میں کمی کے لیے ایک اہم معاون بناتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ علاقائی ممالک اپنی سفارتی قوت کو جنگ کے پھیلاؤ کے بجائے امن کے استحکام کے لیے استعمال کریں۔
امریکا کی داخلی سیاست میں ڈونلڈ ٹرمپ کی میگا تحریک کو انتخابی شکست کے بعد جن اختلافات اور خود احتسابی کا سامنا ہے، وہ بھی خارجہ پالیسی کے مستقبل پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ ری پبلکن پارٹی کی ناکامی کے بعد تحریک کے اندر یہ سوال اٹھنا کہ آیا سخت گیر قوم پرستی اور جارحانہ سیاسی طرزِعمل نے خود جماعت کو نقصان پہنچایا ہے، امریکی سیاست میں ایک نئے فکری مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے۔
جب کسی سیاسی تحریک کے حامیوں کا ایک نمایاں حصہ اس کی سمت پر سوال اٹھانے لگے تو قیادت کے لیے محض جذباتی نعروں کے ذریعے اپنی سیاسی قوت برقرار رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ڈیموکریٹس کی جانب سے کانگریس میں اختیار ملنے کی صورت میں ایلون مسک اور اسٹیفن ملر کے کردار کی تحقیقات کا اعلان بھی امریکی جمہوری نظام میں احتساب کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو ظاہر کرتا ہے۔ سرکاری ملازمین کی برطرفیوں، انتظامی اختیارات کے استعمال اور امیگریشن پالیسیوں کی قانونی حیثیت جیسے معاملات اب سیاسی بحث سے نکل کر ادارہ جاتی نگرانی کے دائرے میں داخل ہوسکتے ہیں۔ اس صورت حال میں ٹرمپ انتظامیہ کو اپنی پالیسیوں کا دفاع کرنے کے ساتھ کانگریس کے سامنے جواب دہی کے نئے تقاضوں کا سامنا بھی کرنا ہوگا۔
امریکی انتخابات کے نتائج کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ داخلی سیاسی دباؤ ،خارجہ پالیسی میں لچک پیدا کرنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ جنگی مہمات، بیرون ملک فوجی اخراجات، توانائی کی قیمتوں اور معاشی بے یقینی کے اثرات بالآخر امریکی ووٹر کی زندگی تک پہنچتے ہیں، اگر عوام کی ترجیحات مہنگائی، روزگار، داخلی سلامتی اور معاشی استحکام ہوں تو مسلسل بیرونی محاذ آرائی سیاسی قیادت کے لیے بوجھ بن سکتی ہے۔ تاہم یہ سمجھنا بھی درست نہیں کہ انتخابی شکست لازماً امریکی پالیسیوں میں فوری تبدیلی لے آئے گی۔ امریکی ریاست کے ادارہ جاتی مفادات، دفاعی صنعت، اتحادیوں سے تعلقات اور مشرق وسطیٰ میں تزویراتی ترجیحات کسی ایک انتخابی نتیجے سے تبدیل نہیں ہوتیں۔ البتہ کانگریس کی نئی سیاسی ترتیب صدر کے اختیارات پر نگرانی بڑھا سکتی ہے اور سفارتی حل کے لیے داخلی سیاسی جواز پیدا کرسکتی ہے۔
مشرق وسطیٰ میں ایک اور اہم تبدیلی اسرائیل کی داخلی سیاست میں سامنے آرہی ہے۔ وزیراعظم نیتن یاہو کی پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد اپوزیشن رہنما اور سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ کو حکومت بنانے کی دعوت ملنا اسرائیلی سیاست میں ایک نئے مرحلے کا آغاز ہے۔ آئزنکوٹ کی جانب سے لیکوڈ پارٹی اور انتہائی دائیں بازو کے بعض سیاسی عناصر کو اپنی ممکنہ حکومت میں شامل ہونے کی دعوت اس حقیقت کو نمایاں کرتی ہے کہ اسرائیل کی سیاست اب محض جماعتی وابستگیوں کے گرد نہیں بلکہ قیادت، سلامتی اور جنگی پالیسیوں کے مستقبل کے گرد بھی گھوم رہی ہے۔ تاہم حکومت سازی کے لیے مقررہ مدت، مختلف جماعتوں کے متضاد نظریات اور وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر اختلافات ان کے لیے بڑے چیلنج ثابت ہوسکتے ہیں۔ صدر کی دعوت مل جانا اقتدار کی ضمانت نہیں، لیکن نیتن یاہو کی سیاسی گرفت میں کمزوری کا واضح اشارہ ضرور ہے۔
مجموعی طور پر عالمی سیاست کا موجودہ منظرنامہ اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ طاقت کا استعمال وقتی برتری تو فراہم کرسکتا ہے، مگر مستقل سیاسی استحکام کی ضمانت نہیں بن سکتا۔ امریکا کو ایران کے ساتھ تنازعے کے حل کے لیے دھمکیوں کے بجائے بامعنی مذاکرات کو ترجیح دینا ہوگی، ایران کو بھی دفاعی تیاری کے ساتھ سفارتی امکانات سے فائدہ اٹھانا ہوگا، جب کہ اسرائیل کی نئی سیاسی صف بندی کو فلسطینی مسئلے کے منصفانہ حل سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔
قطر کی ثالثی، پاکستان سمیت علاقائی ممالک کی سفارتی معاونت اور عالمی اداروں کی مؤثر شمولیت اس بحران کو مزید پھیلنے سے روک سکتی ہے۔ تاریخ کا سبق یہی ہے کہ جنگیں میدانوں میں شروع ضرور ہوتی ہیں، مگر ان کا انجام بالآخر سیاسی بصیرت اور مذاکرات کی میز پر طے ہوتا ہے۔ عالمی قیادت کے سامنے اصل امتحان یہ نہیں کہ کون کتنی عسکری قوت رکھتا ہے، بلکہ یہ ہے کہ کون اپنی قوت کو انسانی جانوں کے تحفظ، علاقائی امن اور ایک منصفانہ عالمی نظام کے قیام کے لیے استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔