مغربی ایشیاء میں فلسطین سے لے کر ایران تک مسلسل جنگ، ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے بعد اور اب خطے کی بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورتحال میں یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی پر حملے اور اس کے تناظر میں مڈل ایسٹ اور بحیرہ عرب کے تجارتی راستوں کی صورتحال ایک انتہائی حساس موڑ پر پہنچ چکی ہے ۔مسلم دنیا کے لیے بھی یہ ایک مشکل صورتحال ہے۔
ایک طرف سعودی عرب ہے دوسری طرف یمن ہے، گذشتہ 12 سال سے یمن کی طرف سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس جنگ میں نقصان مسلمانوں ہی کا ہو رہا ہے۔ان حالات میں پاکستان سے دنیائے اسلام کی امیدیں وابستہ ہیں۔ پاکستان بلا شک دنیائے اسلام کا ایک عظیم اور اہم ملک ہے۔ ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ تمام مسلمان ممالک میں پاکستان کو ایک خاص احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ یہ جنگ بند ہو اور خطہ میں امن قائم ہو اور مسلمان متحد ہو کر علاقے کی ترقی کے لیے کام کریں۔
ایسے حالات میں جہاں جنگی وسعت کے خطرات منڈلا رہے ہیں، بنیادی تقاضا یہ بنتا ہے کہ تمام مسلمان ممالک مل کر ایک باوقار، متوازن اور غیر جانبدار ثالث کا کردار ادا کریں۔ پاکستان کی بھی یہی کوشش ہے کہ خطے میں ہر صورت امن قائم ہو۔ یہ حکمت عملی نہ صرف پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے وضع کردہ اصولوں سے پوری طرح ہم آہنگ ہے، بلکہ اس کا براہِ راست تعلق پاکستان کے اندرونی معاشی استحکام اور قومی سلامتی سے بھی ہے۔
پاکستان کے قیام کے فوراً بعد جب دنیا سرد جنگ کے بلاکس میں تقسیم ہو رہی تھی، قائد ِ اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد اصول پسندی، امن اور تمام قوموں کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر رکھی۔ فروری 1948 میں امریکا کے عوام کے نام اپنے نشریاتی پیغام میں قائدِ اعظم نے واضح کیا تھا کہ ہماری خارجہ پالیسی دنیا بھر کی تمام قوموں کے ساتھ دوستی اور خیر سگالی پر مبنی ہے۔ ہم کسی بھی ملک یا قوم کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے۔ ہم بین الاقوامی تعلقات میں دیانت داری اور انصاف کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔
اسی طرح دسمبر 1947 میں معروف برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے نمائندے رابرٹ اسٹم سن کو دیے گئے اپنے تاریخی انٹرویو اور دیگر بیانات میں قائد اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور مسلم دنیا کے ساتھ اخلاقی و مادی تعاون کو ہمیشہ ترجیح دے گا۔ قائد اعظم کے ان فرمودات سے یہ مآخذ نکلتا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی جارحیت پسندی کے برعکس ہمیشہ مظلوموں کی حمایت، علاقائی امن اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر کاربند رہے گی۔
تاریخی طور پر پاکستان کے تمام برادر اسلامی ممالک اور سعودی عرب کے ساتھ انتہائی گہرے، دینی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات رہے ہیں جن پر کبھی کوئی آنچ نہیں آئی۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد اور دفاعی تعاون کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں۔ خطے میں امن کے قیام کے لیے مختلف اوقات میں مصالحتی کوششیں بھی کی گئی ہیں، جن میں مکہ مکرمہ اور دیگر اسلامی پلیٹ فارمز پر ہونے والے معاہدات و مشاورت کا مقصد ہمیشہ مسلم امہ کے مابین پیدا ہونے والی خلیج کو پاٹنا اور اسلامی بھائی چارے کو فروغ دینا رہا ہے۔ادھر پاکستان کو سنگین معاشی اور سلامتی کے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے وہ بڑی مہارت اور جرات سے نمٹ رہا ہے۔ پاکستان اس وقت معاشی بحالی کے ایک طویل اور کٹھن مرحلے سے گزر رہا ہے، اس کی کوشش ہے کہ ملکی معیشت کو بہتر کیا جائے ،وہ ہر ایسے اقدام سے گریز کر رہا ہے کہ جس سے اس کی معیشت کو نقصان پہنچے۔
پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، افغانستان کی جانب سے ہونے والی دہشت گردی کے منفی اثرات ملک کی داخلی سیکیورٹی اور امن و امان پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔خلیجی خطے میں جنگ کے پھیلنے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگتی ہیں، جس کا براہِ راست اثر پاکستان کے عام آدمی اور صنعتوں پر پڑتا ہے۔ان تمام زمینی حقائق، معاشی مجبوریوں اور قائد ِ اعظم کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے، پاکستان کے لیے بہترین حکمت عملی یہی ہے کہ وہ عالمِ اسلام کے مختلف تنازعات میں ہمیشہ مصالحتی اور ثالثی کا مثبت کردار ادا کرتا رہے۔خلاصہ یہ ہے کہ چونکہ پاکستان کے تعلقات سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ دوستانہ اور متوازن ہیں، اس لیے وہ مسلم دنیا کے ایک اہم اور ایٹمی طاقت ہونے کے ناتے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
تمام مسلم ممالک کو بھی چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات کو سفارتی، سیاسی اور انسانی بنیادوں پر مذاکرات سے حل کریں تاکہ مشرق وسطی سمیت پورے خطے میں امن قائم ہو، خون خرابے کو روکا جا سکے اور خطے کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔ امن، دوستی اور باہمی احترام کو اپنی خارجہ پالیسی کا محور بناتے ہوئے، پاکستان ایک غیر جانبدار اور مخلص ثالث کا کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے۔ یہی وہ واحد راستہ ہے جو ملک کے معاشی مفادات، اندرونی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کی بہترین ضمانت فراہم کرتا ہے۔