امریکا کے حالیہ مڈٹرم انتخابات میں ری پبلیکن پارٹی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست دیوار پر لکھی ہوئی تھی کیونکہ انتخابات سے قبل ہی تمام تر اہم سروے کے نتائج میں وہ ڈیموکریٹس کے مقابلے میں پیچھے کھڑے نظر آئے۔حالانکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ماضی میں جہاں اپنے سیاسی مخالفین کو شکست دی تھی وہیں ان کے خلاف ہونے والے میڈیا سروے کے نتائج بھی ٹرمپ کی جیت کو روک نہیں سکے تھے۔لیکن اس بار جو میڈیا کی سطح پر ٹرمپ مخالف سروے آئے وہ درست ثابت ہوئے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کی چند بنیادی وجوہات تھیں۔
اول ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو امریکا اور عالمی دنیا میں جنگ مخالف شخصیت کے طور پر پیش کیا تھا اور وہ کہتے تھے کہ ہمیں جنگ اور جنگی تنازعات میں الجھنے کی بجائے عملا اپنی توجہ معیشت کی ترقی پر دینی چاہیے۔وہ پاکستان اور بھارت میں بھی جنگ کے مقابلے میں امن کے حامی تھے اور اس کی پیش کش دونوں ممالک کو کرچکے تھے۔لیکن حالیہ امریکا ایران جنگ کے نتیجے میں ان کی جنگ مخالف شخصیت بری طرح داخلی اور خارجی سطح پر متاثر ہوئی اور امریکا سمیت دیگر ملکوں میں ان کی سیاسی مقبولیت میں بہت کمی آئی۔دوئم یہ جو ایران مخالفت میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر باہمی گٹھ جوڑ ایران کے خلاف بنایا اسے بھی امریکی عوام نے مسترد کردیا اور وہ سمجھے کہ ٹرمپ نے اسرائیلی مفادات کے پیش نظر امریکا کو اس جنگ میں دھکیلا ہے۔
اسی طرح جو کچھ اسرائیل نے غزہ میں کیا اس پر امریکی صدر کی خاموشی کو بھی امریکا میں پسند نہیں کیا گیا۔ یہ جو امریکا سمیت دنیا میں معاشی بدحالی اور مہنگائی کا طوفان آیا ہے امریکی عوام اس کو ٹرمپ حکومت کی جنگ پر مبنی پالیسی یا مہم جوئی یا ایڈونچرز کی سیاست سے جوڑتے ہیں۔ امریکا میں موجود پاکستانی بھی ٹرمپ پالیسی سے خوش نہیں تھے اور ان انتخابات میں ٹرمپ کی مخالفت میں پاکستانی ووٹرز نے بھی فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ امریکی عوام یہ بھی سمجھتے ہیں ٹرمپ ایران جنگ کے نتیجے میں امریکا کا طاقت ورہوا یا اس کی دفاعی طاقت کے مقدمے کو کمزور کیا اور لوگ امریکا کے مقابلے میں ایران کی مزاحمت کی پزیرائی کررہے ہیں۔اب ان انتخابات کے نتائج کے بعدڈیموکریٹس نے سینٹ اور ہاوس آف ریپرزینٹیوو دونوں پر سبقت حاصل کرلی ہے۔یہ نتائج بنیادی طور پر ری پبلیکن پارٹی و ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف سخت عوامی ردعمل تھا۔کیونکہ عالمی سطح پر ایک سروے کے مطابق امریکا کے 60فیصد عوام نے ایران کے خلاف جنگ کے فیصلے کو غلط قرار دیا ہے۔
خود امریکا کے وائس پریزیڈنٹ جے ڈی وینس نے اعتراف کیا ہے کہ ایران سے جنگ ہی ہار کی وجہ بنی ہے اور اب خود امریکی صدر ٹرمپ نے بھی اس شکست کو ایران کے خلاف جنگ ہی سے جوڑا ہے۔اسی طرح کیونکہ ٹرمپ نے2024کے ہونے والے انتخابات میں مہنگائی کے خاتمہ کو بڑا ایجنڈا قرار دیا تھا وہ مہنگائی کے خاتمہ کی بجائے جنگوں کی سیاست میں الجھ کر امریکا میں مہنگائی پیدا کرنے کا سبب بنے۔
اسی طرح یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ٹرمپ ان انتخابات کے نتائج کے بارے میں زیادہ خوش فہمی کا شکار تھے اور کئی اہم افراد انھوں نے ایسے امیدوار کے طور پر اتارے جو ڈیموکریٹس کے مقابلے میں کمزور تھے۔جب کہ دیگر مسائل میں حکومت پر کرپشن کے الزامات،داخلی سطح پر امریکی امیگریشن پالیسی پر تحفظات کے باعث لوگ داخلی محاذ پر نالاں تھے۔اسی طرح اس پہلو کو بھی نظرانداز نہ کیا جائے کہ اب دنیا میں جنگ مخالف تحریک دیکھنے کو مل رہی ہے جس کی قیادت نئی نسل جین زی کے ہاتھوں میں ہے۔وہ جنگ کے مقابلے میں امن،سیکیورٹی سمیت معاشی تحفظ چاہتے ہیں۔ یہ نسل مسلسل ہر ملک میں اس کے روائتی نظام کو چیلنج کررہی ہے۔
اب ان نتائج کے بعد یقینی طور امریکا کی داخلی سیاست میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدر داخلی سیاست کمزور ہوئی ہے اورپہلے سے زیادہ طاقت ور صدر نہیں رہے۔اگلے دو برس یعنی2029ء تک ان کو کمزوروکٹ پر ہی کھیلنا ہوگا اور اس بات کے واضح امکانات ہیں کہ سیاسی اور قانونی محاذ پر قانون سازی اور سیاسی ایجنڈے کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔جب کہ اس کے مقابلے میں ٹرمپ مخالف ڈیموکریٹس ان کی سیاست کے خلاف نہ صرف نئی سیاسی صف بندی کریں گے بلکہ دونوں ایوانوں میں وہ ٹرمپ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی مکمل صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔اس بات کے امکانات بھی ہیں کہ ٹرمپ موجودہ حالات میں نہ صرف ایران سے جنگ سے گریز کریں گے بلکہ اب وہ خود بھی اسرائیل میں کمزور نیتن یاہو سے بھی فاصلہ کرکے اپنی پوزیشن کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔
اگرچہ ٹرمپ اپنے فیصلوں میں ویٹو کا استعمال کرسکتے ہیں مگر عملًا ان کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے۔اب ٹرمپ کو ایران کے خلاف جنگ کے مقابلے میں ڈپلومیسی کی طرف توجہ دینی ہوگی اور یہ ان پر امریکا کی داخلی سیاست کا دباؤ بھی ہوگا۔خلیج کی ریاستوں کی سطح پر بھی ان کو اسرائیلی ایجنڈے سے ہٹ کر کچھ نیا کرنا ہوگا تاکہ وہاں بھی حالات بدل سکیں۔خلیجی ممالک اور ان کے حکمرانوںکے امریکا اور ٹرمپ کے ساتھ کیے ہوئے کئی تجارتی معاہدے متاثر ہوسکتے ہیں۔جب کہ اسی طرح پاکستان اور امریکا بالخصوص ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بھی کافی گرم جوشی کے تعلقات ہیں۔ری پبلیکن پارٹی کا عمومی رویہ ہمیشہ سے پاکستان کی حمایت سے جڑا ہوتا ہے جب کہ اس کے مقابلے میں ڈیموکریٹس پاکستان کے بارے میں یا ان کی پالیسیوں پر سخت گیر رویہ رکھتے ہیں۔مثلا جمہوریت،انسانی حقوق،شہری آزادیاں، میڈیا اور سول سوسائٹی یا متبادل آوازوں کی قبولیت ،دہشت گردی جیسے معاملات پر وہ ہمیشہ سے سوالات اٹھاتے رہتے ہیں اور دونوں ایوانوں میں وہ خاموش نہیں رہیں گے اور ٹرمپ حکومت پر اپنا دباؤ ڈالیں گے۔کچھ لوگ یا تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ حکمران طبقات نے امریکا میں تعلقات کو مضبوط بنایا اور اب ہمیں ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹس کی پالیسیوں کے درمیان توازن پیدا کرنا ہوگا۔اگرچہ فوری طور پاکستان اور امریکا تعلقات متاثر نہیں ہونگے لیکن امریکا سے مستقبل میں باہمی تعلقات کے تناظر میں ہمیں محتاط پالیسی اختیار کرنا ہوگی۔بالخصوص اس میں ڈیموکریٹس سے سفارتی تعلقات اور لابنگ پر مبنی پالیسی اور دوطرفہ بات چیت کو بھی پیش نظر رکھنا ہوگا۔
پاکستان کے پاس عملا ایک اچھا موقع ہے کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور ثالثی میں اہم کردار ادا کرکے امریکا کی دونوں جماعتوں کی بڑی حمایت کو حاصل کرسکتا ہے۔پہلے ہی موجودہ امریکی قیادت پاکستان سے مطمئن بھی ہے اور خوش بھی، اسی حکمت عملی کے تحت توازن پر مبنی پالیسی ہمارے ہی مفاد میں ہوگی۔البتہ پاکستان کو اپنے داخلی سیاست کے وہ مسائل جس پر ڈیموکریٹس تحفظات رکھتے ہیں اس پر اپنی کارکردگی کوموثر بنانا ہوگا تاکہ ہم وہاں بھی اپنا مقدمہ بہتر کرسکیں۔کیونکہ اب جس طرح سے دونوں ایوانوں میں ری پبلیکن کے مقابلے میں ڈیموکریٹس کو برتری حاصل ہوئی ہے تو دیکھنا یہ ہے کہ وہ پاکستان کے معاملات پر کیا پالیسی اپناتے ہیں۔ ہمیں اس پہلو سے بھی خبردار رہنا ہوگا کہ ہمیشہ سے ڈیموکریٹس کے بھارت سے تعلقات مثالی رہے ہیں اور یقینی طور پرڈیموکریٹس کی دونوں ایوانوں میں بڑی برتری پربھارت مطمئن ہوگا۔
کیونکہ ہمیں ایک ہی وقت میں بھارت اور افغانستان دونوں سے سیکیورٹی اور دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے تو ایسے مستقبل کے تناظر میں پاکستان اور امریکا تعلقات کی اہمیت اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔اس لیے علاقائی سیاست میں ہمیں بالخصوص زیادہ توجہ دینی ہوگی۔اگرچہ اس وقت امریکا پاکستان کو تجارت،سرمایہ کاری، سیکیوررٹی، انسداد دہشت گردی اور معدنیات میں اہم شراکت دار سمجھتا ہے ۔اس لیے فوری طور پر تعلقات میں کوئی بڑی تبدیلی موجود نہیں۔اب بھی پاکستان کے پاس امریکا اور ٹرمپ کے ساتھ دو برس ہیں جہاں ہم اپنے تعلقات کو ان کے ساتھ مزید مضبوط کرسکتے ہیں۔لیکن یہ سب کچھ منحصر ہوگا کہ اس برس اور اگلے برس کی امریکی سیاست اور امریکا ایران جنگ کے تناظر اور خلیجی ممالک کی سیاست یا اسرائیل کی سطح پر کیا کچھ تبدیل ہوتا ہے۔