کچھ عرصے قبل بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں خواتین اور یونیورسٹی کی طالبات کے احتجاج کے دوران چند ایسے نعرے لگائے گئے جو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئے اور آج کل ہمارے ہاں بھی واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیے جا رہے ہیں۔ ایسے ہی چند نعرے مجھے میرے ایک طالب علم نے بھیجے، مثلاً۔
’’دو کچوریاں، ایک سموسہ، ان مردوں کا کیا بھروسہ!‘‘
’’ایک آلو، دو پیاز، بھاڑ میں جائے مرد سماج!‘‘
ان نعروں کو دیکھ کر میرے ایک طالب علم کا کہنا تھا کہ’’ سر، بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ نعرے درست نہیں ہیں، لیکن میرا ذاتی خیال ہے کہ ان میں بیان کی گئی بات تو درست ہے۔ اب دیکھیں نا، ہمارے ہاں ماضی کی ایک مشہور اداکارہ کے ساتھ بھی ایسا ہی المیہ پیش آیا۔ کسی ایک بھی مرد نے اس کے ساتھ وفاداری نہیں کی۔ اسی طرح کے بہت سارے واقعات ہم خبروں میں پڑھتے رہتے ہیں نہ جانے ہمارے مردوں کو کیا ہو گیا ہے۔‘‘
میں نے اس طالب علم سے کہا کہ’’ کیا درست ہے اور کیا غلط، میں اس پر تو بات نہیں کروں گا، لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ کسی بھی موضوع پر بطور طالب علم ہمیں تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا چاہیے اور اس کے بعد اپنی رائے قائم کرنی چاہیے۔ مثلاً، اس قسم کے نعرے جس احتجاج میں اور جن افراد کی جانب سے لگائے گئے، آپ ذرا دوبارہ ان ویڈیوز کو غور سے دیکھیں۔ ان کے چہرے دیکھیں، ان کے لباس دیکھیں، تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ان کا کلچر ایک عام شہری کے کلچر سے مختلف ہے۔ ان کا لباس بھی اس کی گواہی دیتاہے۔ پھر یہ جن مسائل کی نشاندہی کر رہی ہیں، وہ مسائل حقیقی تو ہیں، مگر ان میں سے بعض مسائل ایک مخصوص طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، عام طبقے سے نہیں۔‘‘
مثلاً، ہم خبریں دیکھتے ہیں کہ فلاں اداکار نے فلاں اداکارہ کے ساتھ برا سلوک کیا اور شادی کے کچھ ہی دنوں بعد علیحدگی اختیار کر لی یا پہلی شادی ختم کرکے فوراً دوسری شادی کر لی، یا کوئی اداکارہ اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی داستان سوشل میڈیا پر بیان کر رہی ہے۔ اسی طرح اگر ہم اپنے ڈراموں کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ ان ڈراموں کی کہانیوں میں کوئی کردار اپنی بیوی سے بے وفائی کر رہا ہے، تو کسی ڈرامے میں کوئی مرد ناجائز تعلقات بڑھا رہا ہے اور کسی میں ایک مرد کسی عورت کے ساتھ عشق و محبت کے جعلی وعدے کر رہا ہے۔ غرض، ڈراموں میں مردوں کی ایک بڑی تعداد ایسے کرداروں میں دکھائی جا رہی ہے جو خواتین کے ساتھ بے وفائی، دھوکا دہی یا گھر کی خواتین پر ظلم و تشدد کرتے ہیں۔ان ڈراموں میں یہ مرد بڑے بنگلوں میں رہتے ہیں، قیمتی گاڑیوں میں گھومتے ہیں ،انھیں کھانے کمانے کی فکر نہیں ہوتی ان کے پاس پیسہ صرف عیاشی کے لیے ہوتا ہے۔
بطور طالب علم ابلاغ عامہ جب ہم اس سلسلے میں مطالعہ کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ میڈیا پر جو کچھ دکھایا جاتا ہے، وہ حقیقی زندگی سے بہت دور بھی ہو سکتا ہے۔ مثلاً، میڈیا کی کلٹیویشن تھیوری کے مطابق، ٹیلی ویژن پر طویل عرصے تک مخصوص نوعیت کے مواد کو دیکھنے سے ناظرین کے ذہنوں میں ایک خاص قسم کا تصور حقیقت تشکیل پانے لگتا ہے۔ یوں ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی دنیا اور حقیقی معاشرتی زندگی کے درمیان بڑا فرق آ جاتا ہے۔
اسی طرح اگر ہم نامور مفکر اور فلسفی نوم چومسکی کے نظریات کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کے نزدیک میڈیا کے ذریعے پیش کی جانے والی معلومات اور خبروں پر مختلف ادارہ جاتی، سیاسی، نظریاتی اور معاشی عوامل اثرانداز ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق، میڈیا کا مواد اکثر مخصوص مفادات اور ایجنڈوں کے تحت تشکیل پاتا ہے اور اس عمل میں خود میڈیا کی آزادی اور مرضی بھی اکثر محدود ہو جاتی ہے۔یوں دیکھا جائے تو جو کچھ ہم میڈیا پر دیکھتے ہیں، ہمارا ذہن معاشرتی ماحول کو بھی اسی زاویے سے دیکھنے لگتا ہے۔
اس حقیقت کو ہم جاننا چاہیں تو کبھی کسی بس میں سفر کرکے دیکھیں، عام لوگوں کے چہرے دیکھیں۔ سفر کرنے والے ان مردوں کے چہروں پر ہم بآسانی دن بھر کی وہ تھکن دیکھ سکتے ہیں جو وہ اپنے گھر والوں کے لیے محنت کرنے کے بعد اپنے ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ ان کے چہروں پر وہ فکر اور پریشانی بھی بخوبی دیکھی جا سکتی ہے جو انھیں اپنے مستقبل کے متعلق لاحق ہوتی ہے۔ ان سب کے پیچھے ایک اہم وجہ یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے گھر میں بیٹھی صرف بیوی ہی نہیں، بلکہ اپنی ماں، بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے بھی ایک اچھا مستقبل اور اچھی زندگی چاہتے ہیں۔
کبھی فٹ پاتھ پر بیٹھے اس مزدور کو بھی دیکھیں، جو دیکھنے میں انتہائی ضعیف ہوتا ہے، مگر ہاتھ میں اوزار لیے کام ملنے کی امید پر بیٹھا ہوتا ہے کہ کچھ پیسے مل جائیں تو اپنی بیٹی کی شادی کی تیاری کر سکے۔
ہمیں کبھی نظر نہ آنے والے اس منظر کو بھی محسوس کرنا چاہیے کہ جب ایک بھائی اپنی بہن کی تعلیم اور شادی کے اخراجات کے لیے محنت مزدوری کرتا ہے اور جب خود اس کی شادی ہو جاتی ہے تو اپنے گھر والی اور بچوں کے لیے محنت کرتا ہے۔ جب اس کی کوئی بیٹی بڑی ہونے لگتی ہے تو اس کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے اور اس کے اچھے مستقبل کے لیے رقم جمع کرنے کی خاطر دن رات ایک کر دیتا ہے۔
وہ اپنی بیٹی کو بچپن سے لے کر جوانی تک وقت بھی دیتا ہے اور اس پر پیسہ بھی خرچ کرتا ہے۔ کبھی اس کو اسکول سے اکیلے نہیں آنے دیتا، خود پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرتا ہے، اور شادی کے موقع پر ڈھیر سارا جہیز جمع کرکے دیتا ہے۔ اسی کوشش میں کبھی وہ اپنی جوانی کی زندگی اپنی شریک حیات کے ساتھ گزارنے کے بجائے شہر اور ملک سے دور مزدوری بھی کرتا ہے، پیسہ کماتا ہے اور گھر بھیجتا ہے۔
اب ذرا سوچیے، ایسے مردوں کو بھی اگر اس نعرے میں لپیٹ دیا جائے کہ ’’ان مردوں کا کیا بھروسہ!‘‘ تو کیا یہ قرین انصاف ہوگا؟
ایسا نہیں ہے کہ مرد بے وفا نہیں ہوتے یا مرد قابل بھروسہ نہیں ہوتے۔ یقیناً معاشرے میں ایسے مرد موجود ہیں جو خواتین کے ساتھ بے وفائی کرتے ہیں، ان پر ظلم و تشدد کرتے ہیں اور ان کے حقوق پامال کرتے ہیں، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ مردوں کے ایسے رویوں کو تمام مردوں کی نمائندگی قرار نہیں دیا جا سکتا۔کیا صرف مرد ہی بے وفائی کرتا ہے۔ایسا ہرگز نہیں، عورت بھی بے وفائی کرتی ہے،وہ بھی مرد کو دھوکا دیتی ہے۔لہٰذا سب انسان چاہے وہ مرد ہوں یا عورت یکساں سوچ کے حامل نہیں ہوتے۔
غور کیا جائے تو ہمارا معاشرہ بڑی حد تک ان مردوں کے بھروسے پر ہی چل رہا ہے جو دن رات محنت کرتے ہیں، اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں، اپنی خواہشات قربان کرتے ہیں اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی پوری زندگی صرف کر دیتے ہیں۔ہمارے معاشرے کا ایک عام مرد رات کو فکر کی چادر لپیٹ کر سوتا ہے اور صبح اللہ کے بھروسے پر روزی کے لیے نکلتا ہے۔ سخت محنت کرنے کے بعد رات دیر سے گھر پہنچتا ہے اور اس دوران اس کا پورا گھر اسی مرد کے بھروسے پر چل رہا ہوتا ہے۔ ایک کیا، پورا معاشرہ ہی ہمارے ان مردوں کے بھروسے پر چل رہا ہے۔
آئیے، اس پہلو پر بھی غور کریں۔