ایک بچہ فٹ بال کھیل رہا ہے۔ دوسرا اپنے گھر کے ملبے میں اپنی کتاب تلاش کر رہا ہے، ایک بچی اسکول جانے کے لیے تیار ہو رہی ہے۔ ایک اور بچہ سمندر کے کنارے مچھلی پکڑنے نکلا ہے۔ یہ کسی پُرامن شہر کے معمولاتِ زندگی کے مناظر نہیں، بلکہ غزہ کے وہ خواب ہیں جو اب ملبے تلے دفن ہو چکے ہیں۔ اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی جنگ نے جدید تاریخ کا ہولناک ترین المیہ رقم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ اطفال (یونیسیف) اور سیو دی چلڈرن (Save the Children) کی دہلا دینے والی رپورٹس کے مطابق اس جنگ کے عروج پر غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک فلسطینی بچہ مارا گیا۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق، اب تک پندرہ ہزار سے زائد بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں، جب کہ ہزاروں ملبے تلے لاپتہ اور لاکھوں بے گھر ہیں۔ یہ محض اعداد و شمار نہیں، نسل کشی کی وہ داستان ہے جو جدید دنیا کے ضمیر پر ایک بد نما داغ ہے۔
ایک طرف دنیا انسانی حقوق کے عالمی اعلامیوں کا جشن مناتی ہے اور دوسری طرف غزہ میں بچوں کی قبریں مسلسل بڑھتی رہتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اس قتل عام کے پیچھے صرف میزائل، بم اور بندوقیں ہیں یا ایک ایسا بے رحم عالمی معاشی اور تکنیکی ڈھانچہ بھی پوری طاقت سے سرگرم ہے جس کے بغیر جدید جنگ کا تصور ہی نامکمل ہے؟ اس خونریزی کو ایندھن فراہم کرنے میں صرف ہتھیار ساز فیکٹریاں ملوث نہیں، بلکہ دنیا کی چند بڑی ٹیکنالوجی کارپوریشنز بھی شریک جرم ہیں۔
اس سوال کا ایک اہم جواب ’’پراجیکٹ نمبس‘‘ میں پوشیدہ ہے۔ 2021 میں اسرائیلی حکومت نے گوگل اور ایمیزون کو 1.2 ارب ڈالر کا مشترکہ معاہدہ دیا۔ اس منصوبے کا مقصد اسرائیلی سرکاری اداروں کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ذخیرہ کرنے، مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کرنا تھا۔ گوگل کے اپنے اعلان کے مطابق یہ منصوبہ ابتدائی طور پر سات سال کے لیے تھا، جسے مختلف مراحل میں مجموعی طور پر 23 سال تک بڑھایا جا سکتا تھا۔ بظاہر یہ ایک سرکاری ڈیجیٹل جدید کاری کا منصوبہ تھا، جس میں صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ جیسے شعبے بھی شامل تھے، لیکن سوال اس وقت پیدا ہوا ،جب اس منصوبے کے فوجی استعمال سے متعلق شواہد سامنے آنے لگے۔جولائی 2024 میں امریکی جریدے وائرڈ کی ایک تحقیقی رپورٹ نے اسرائیلی سرکاری حکام کے بیانات اور دستاویزات کی بنیاد پر بتایا کہ اسرائیلی فوج اور وزارت دفاع کا پراجیکٹ نمبس سے تعلق محض اتفاقی یا غیر متعلقہ نہیں۔ اسرائیلی قومی سائبر ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ گیبی پورٹنائے نے ایک کانفرنس میں اس کلاؤڈ نظام کو فوجی کارروائیوں میں موثر قرار دیا تھا۔ امریکی جریدے ٹائم نے بھی اسرائیلی وزارتِ دفاع اور گوگل کلاؤڈ کے درمیان ایک معاہدے کی دستاویز کی نشاندہی کی۔ دوسری طرف گوگل کا موقف ہے کہ نمبس کا معاہدہ انتہائی حساس، خفیہ فوجی، ہتھیاروں یا انٹیلی جنس کے کام کے لیے نہیں ہے۔ یہی تضاد اس معاملے کی بنیادی اہمیت ہے۔ ایک طرف کمپنی کی وضاحت، دوسری طرف اسرائیلی حکام کے اپنے بیانات اور سرکاری دستاویزات۔
اقوام متحدہ کی خصوصی نمایندہ فرانسسکا البانیز نے جون 2025 کی اپنی رپورٹ فرام اکونمی اوف اکوپیشن ٹو اکونمی اوف جینو سائیڈ میں اس معاملے کو ایک وسیع تر تناظر میں دیکھا۔ رپورٹ کے مطابق گوگل، ایمیزون اور مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ اور مصنوعی ذہانت کی سہولتوں نے اسرائیلی ریاست کی ڈیٹا پروسیسنگ، نگرانی اور تجزیاتی صلاحیتوں کو تقویت دی۔ رپورٹ یہ بھی بتاتی ہے کہ اکتوبر 2023 میں اسرائیلی فوج کے اندرونی کلاؤڈ نظام پر دباؤ پڑنے کے بعد مائیکروسافٹ ایژور اور پراجیکٹ نمبس کے نظام نے اہم تکنیکی سہولتیں فراہم کیں۔
یہاں ایک اور خطرناک تبدیلی کو سمجھنا ضروری ہے۔ اسرائیلی فوج کے زیر استعمال مصنوعی ذہانت کے نظاموں، مثلاً لیونڈر، گوسپل اور وئیرز ڈیڈی کے ذریعے معلومات کی درجہ بندی، ممکنہ اہداف کی شناخت اور فوجی فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کیا گیا ہے۔ یہ نظام بذاتِ خود گوگل کی مصنوعات نہیں، لیکن یہ اس نئے جنگی ماحول کی مثال ہیں جس میں ڈیٹا، الگورتھم اور خودکار تجزیہ انسانی زندگی اور موت کے فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ جب مشین کسی انسان کو ایک عدد، ایک شناخت یا ایک ممکنہ ہدف میں تبدیل کر دے تو سوال صرف ٹیکنالوجی کی کارکردگی کا نہیں رہتا، انسانی ذمے داری کا بھی بن جاتا ہے۔
اس کہانی کا ایک سرا جنوبی ایشیا میں بھی موجود ہے۔بھارت کے شہر حیدرآباد میں اڈانی ڈیفنس اور اسرائیلی کمپنی ایلبٹ سسٹمز نے مشترکہ طور پر ڈرون سازی کی سہولت قائم کی۔ اڈانی کے دسمبر 2018 کے اپنے اعلان کے مطابق یہ اسرائیل سے باہر پہلی نجی سہولت تھی جہاں ہرمس 900 ڈرون کے کاربن کمپوزٹ ڈھانچے تیار کیے جانے تھے، جب کہ منصوبے کے اگلے مراحل میں ہرمس 450 کی تیاری اور مکمل ڈرونز کی اسمبلی و انضمام بھی شامل تھا۔ یہ محض ایک کاروباری اشتراک نہیں، بھارت اور اسرائیل کے دفاعی صنعتی تعلقات کی ایک اہم مثال ہے۔
اڈانی کا اسرائیل سے تعلق صرف دفاعی صنعت تک محدود نہیں۔ جولائی 2022 میں اڈانی اور اسرائیلی گاڈوت گروپ کے کنسورشیم نے حیفا کی بندرگاہ کے حصول کے حقوق حاصل کیے۔ اس منصوبے میں اڈانی کا حصہ 70 فیصد تھا اور رعایتی معاہدہ 2054 تک ہے۔ یوں ایک ہی کاروباری گروپ بھارت میں دفاعی پیداوار، بحری تجارت اور اسرائیلی بندرگاہی ڈھانچے سے جڑا ہوا ہے۔دنیا کے ڈیٹا سینٹروں میں مستقبل کی ذہانت تیار ہو رہی ہے، مگر غزہ میں ایک بچہ روزانہ مر رہا ہے۔ سوال یہ نہیں کہ انسان مصنوعی ذہانت کو کتنا طاقتور بنا سکتا ہے؛ سوال یہ ہے کہ کیا وہ اپنی انسانی عقل کو اتنا زندہ رکھ سکتا ہے کہ کسی بچے کی زندگی کو کسی معاہدے، کسی کمپنی کے منافع اور کسی ریاستی مفاد سے کم تر نہ سمجھے؟