پنجاب میں گندم اور آٹے کا معاملہ گزشتہ چار دہائیوں سے ایک ایسی معاشی اور انتظامی تجربہ گاہ بنا ہوا ہے جہاں ہر نئی حکومت نے اصلاحات کے دعوے کیے، لیکن بنیادی مسائل اپنی جگہ برقرار رہے۔ کبھی سرکاری خریداری، کبھی سبسڈائزڈ گندم، کبھی سستے آٹے کے اعلانات، کبھی سستی روٹی اسکیم اور کبھی مارکیٹ کو آزاد کرنے کے نام پر اچانک فیصلے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ قومی خزانے پر بھاری مالی بوجھ پڑا، کسان غیر یقینی کا شکار رہا، صارف مہنگے آٹے کی شکایت کرتا رہا اور فلور ملنگ انڈسٹری سرکاری پالیسیوں کی محتاج بنتی گئی۔اس پورے نظام کا سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ گندم اور آٹے کو معاشی حقائق کے بجائے سیاسی مقبولیت اور انتظامی کنٹرول کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔
ہر حکمران نے سستے آٹے کے اعلانات کو کامیابی کا پیمانہ بنایا، لیکن یہ بنیادی سوال ہمیشہ پس منظر میں رہا کہ اس رعایت کی حقیقی قیمت کون ادا کررہا ہے، اس کا فائدہ کس کو پہنچ رہا ہے اور اس نظام کو مستقل طور پر چلانے کی مالی استطاعت حکومت کے پاس ہمیشہ موجود بھی ہے یا نہیں۔پنجاب میں مختلف حکومتوں کی گندم خریداری اور اجرا کی پالیسیوں نے محکمہ خوراک کو ایک بڑے تجارتی اور مالی نظام کا ’’کنٹرولر‘‘بنائے رکھا ہے۔ حکومت گندم خریدتی، بینکوں سے قرض لیتی، ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل کے اخراجات برداشت کرتی اور پھر رعایتی نرخوں پر گندم جاری کرتی ہے۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی تحقیق کے مطابق پنجاب کے گندم آپریشنز سے متعلق گردشی قرضہ 2023 تک تقریباً 680 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا جسے محسن نقوی اور مریم نواز نے بہت جرات و حکمت کے ساتھ اتارا ہے۔یہاں یہ سوال ضرور اٹھتا ہے کہ جب حکومتیں مسلسل بھاری مالی وسائل خرچ کررہی تھیں تو گندم اور آٹے کی مارکیٹ مستحکم کیوں نہ ہوسکی؟
کیا سرکاری پالیسیوں کا مقصد مستقل غذائی تحفظ تھا یا قیمتوں کو عارضی اور مصنوعی طریقے سے کنٹرول کرکے سیاسی فائدہ حاصل کرنا تھا۔یہ سوال بھی اٹھنا چاہیے کہ گزشتہ15/20 سال میں گندم کی خریداری، ذخیرہ کرنے، قرضوں کے سود اور سبسڈائزڈ سرکاری اجرا کی مکمل مالی تفصیلات عوام کے سامنے باقاعدگی سے کیوں نہیں رکھی جاتیں۔ جب اخراجات قومی خزانہ برداشت کرتا ہے تو ان کے نتائج کا حساب بھی عوام کے سامنے ہونا چاہیے۔گزشتہ15 ماہ میں بالخصوص کون سی فلورمل کو کتنی سرکاری گندم دی گئی اور کتنے پرمٹ جاری ہوئے ،لاہور میں آٹا سپلائی کے نام پر دور دراز کی کون کون سی فلورملز کو اندھا دھند نوازا گیا،یہ تفصیلات تو لازمی عوام کو بتانی چاہیے کیونکہ اس مخصوص عرصہ کے حوالے سے بہت سے الزامات اور تحفظات سامنے آ چکے ہیں۔
پنجاب کی فلور ملنگ انڈسٹری میں سرکاری گندم کوٹہ سسٹم طویل عرصے سے اختلافات کا مرکز رہا ہے۔ اس نظام کا بنیادی تضاد یہ ہے کہ حقیقی پیداوار اور مارکیٹ میں آٹے کی فراہمی کے بجائے بعض ادوار میں رجسٹرڈ صلاحیت یا انتظامی فارمولوں کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ایک فلور مل جو روزانہ سیکڑوں ٹن گندم پیستی ہے، مستقل ملازمین رکھتی ہے، بھاری بجلی کے بل ادا کرتی ہے اور مارکیٹ میں یومیہ آٹا فراہم کرتی ہے، اس کی معاشی حیثیت اس مل سے یکسر مختلف ہے جو طویل عرصے سے بند یا انتہائی محدود پیداوار پر چل رہی ہو۔اگر دونوں کو حقیقی پیداوار سے قطع نظر یکساں کوٹہ ملے تو یہ نظام کارکردگی کے بجائے فوڈ گرین لائسنس رکھنے کو ناجائز معاشی فائدے کا ذریعہ بنا سکتا ہے۔
آج کل پھر سے یکساں سرکاری گندم کوٹہ کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے ،مطالبہ کرنے والوں میں بہت سے لوگ واقعی مالی طور پر کمزور ہیں اور چاہتے ہیں کہ مزید کچھ عرصہ کے لیے حکومت ان کا ’’سہارا‘‘ بن جائے تاکہ وہ مارکیٹ میں کچھ جگہ بنا سکیں مگر مطالبہ کرنے والے بہت سے ایسے ہیں جنھوں نے ماضی میں آٹا مارکیٹ سپلائی کرنے کی بجائے صرف سرکاری گندم فعال ملز کو فروخت اور بہت سے ایسے ہیں جنھوں نے مقررہ مقدار سے کم سرکاری آٹا سپلائی کیا، ان افراد سے یہ سوال توپوچھنا چاہیے کہ کیا پنجاب میں بعض فلور ملز آٹا تیار کرنے کے لیے قائم ہوئیں یا سرکاری گندم کوٹہ حاصل کرنے کے لیے؟اگر کسی صنعتی یونٹ کی آمدن کا اہم ذریعہ پیداوار کے بجائے سرکاری رعایت تک رسائی بن جائے تو یہ صنعتی ترقی نہیں بلکہ پالیسی کی خرابی کی علامت ہے۔ایسا نظام حقیقی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی، غیر پیداواری صلاحیت کی بقا اور سرکاری گندم کے غلط استعمال کی ترغیبات پیدا کرسکتا ہے۔ اس کے باوجود ہر غیر فعال مل کو بدعنوان کہنا درست نہیںکسی بھی الزام کا فیصلہ حقیقی پسائی، اسٹاک اور فروخت کے مستند ریکارڈ سے ہونا چاہیے۔
فلور ملنگ انڈسٹری میں فعال اور غیر فعال ملز کے درمیان اختلاف محض کاروباری مسابقت نہیں بلکہ سرکاری گندم کی تقسیم، صنعتی نمائندگی اور پالیسی سازی میں اثرورسوخ سے جڑا ہوا ہے۔فعال ملز کا مؤقف ہے کہ حقیقی پیداوار، ملازمین، سرمایہ کاری اور مارکیٹ سپلائی کو کوٹہ تقسیم کرتے وقت بنیادی اہمیت ملنی چاہیے۔ دوسری جانب کم پیداوار یا بند ملز کے لیے یکساں مواقع اور رجسٹرڈ صلاحیت کی بنیاد پر تقسیم زیادہ فائدہ مند ہوسکتی ہے۔لیکن اس تنازع کا ایک زیادہ سنجیدہ پہلو بھی ہے کہ کیا فلور ملز کی نمایندہ تنظیموں میں قیادت کی کشمکش صنعت کی اجتماعی بہتری کے لیے ہے یا سرکاری گندم کی تقسیم پر اثرورسوخ حاصل کرنے کے لیے۔کیا بعض لوگ کوٹہ سسٹم برقرار رکھنے میں معاشی مفاد رکھتے ہیں؟ کیا محکمہ خوراک کے فیصلے آزادانہ معاشی اصولوں پر ہوتے ہیں یا منظم کاروباری دباؤ بھی ان پر اثرانداز ہوتا ہے؟یہ وہ سوالات ہیں جن کا جواب محض سرکاری محکموں یا ایسوسی ایشن کے بیانات سے نہیں بلکہ کوٹہ ریکارڈ، ملز کی حقیقی پیداوار، پالیسی فیصلوں اور مالی مفادات کی شفاف جانچ سے مل سکتا ہے۔
اسی طرح صرف بڑی اور پہلے سے فعال ملز کو فائدہ پہنچانے والا نظام بھی قابلِ قبول نہیں ہوگا۔ نئی، چھوٹی یا مالی مشکلات سے دوچار ملز کے لیے منصفانہ مواقع ضروری ہیں، ورنہ اصلاحات کے نام پر صنعت میں چند بڑے گروپوں کا غلبہ بڑھ سکتا ہے۔اس وقت محکمہ خوراک ریگولیٹر بھی ہے، تاجر بھی اورمنصف بھی ہے۔پنجاب کے گندم آٹا نظام میں ایک بنیادی محکمانہ تضاد یہ رہا ہے کہ حکومت گندم کی خریدار، ذخیرہ کنندہ، قیمت مقرر کرنے والی اور تقسیم کی نگران بھی ہے،جب ایک ہی انتظامی نظام کو اتنے وسیع اختیارات حاصل ہوں تو شفافیت، احتساب اور مفادات کے ٹکراؤ کے سوالات ناگزیر ہوجاتے ہیں۔گندم خریداری کے اہداف، سرکاری ذخائر، کوٹہ منظوری، اجرا کے احکامات اور ملز کی نگرانی جیسے فیصلوں میں انتظامی صوابدید جتنی زیادہ ہوگی، غیر ضروری اثرورسوخ اور بدعنوانی کے مواقع بھی اتنے ہی بڑھ سکتے ہیں۔
جب تک حکومتیں گندم اور آٹے کو سیاسی مقبولیت کے ہتھیار کے بجائے معاشی حقیقت سمجھ کر پالیسی نہیں بنائیں گی، محکمہ خوراک کے اختیارات شفاف نہیں ہوں گے اور فلور ملنگ انڈسٹری میں حقیقی مسابقت پیدا نہیں ہوگی، اس شعبے کے بحران اور مفادات کی کشمکش برقرار رہنے کا خدشہ رہے گا۔گندم عوام کی غذائی ضرورت ہے، سیاسی تشہیر کا سامان نہیںاور فلور ملنگ ایک صنعت ہے، سرکاری کوٹہ حاصل کرنے کا کاروبار نہیں۔