تیزی سے بوڑھا ہوتا جاپان

جاپان میں اوسط عمر چوراسی برس ہے اور سو برس سے اوپر کے انسانوں کی تعداد ایک لاکھ سے اوپر ہے


وسعت اللہ خان November 10, 2026

ایک ماشااللہ ہم ہیں جو تیزی سے آبادی بڑھانے والے ممالک کی صفِ اول میں بھی بگٹٹ دوڑ رہے ہیں اور ایک دنیا کا چوتھا بڑا صنعتی ملک جاپان ہے جہاں لوگ نہ بچوں کی تعداد بڑھانے کو تیار ہیں اور نہ ہی تیزی سے بوڑھی ہوتی آبادی کی جگہ غیر ملکی کارکنوں کی ایک معقول تعداد بلانے پر راضی ہیں۔

 جاپان میں اوسط عمر چوراسی برس ہے اور سو برس سے اوپر کے انسانوں کی تعداد ایک لاکھ سے اوپر ہے۔ ان میں اٹھاسی فیصد خواتین ہیں۔کیوٹو شہر میں رہنے والی محترمہ فویو کشموٹو خیر سے ایک سو چودہ برس کی ہیں۔جب کہ کماموٹو شہر کے باسی ہکارو کاٹو اس وقت ایک سو بارہ برس کے ہیں۔

دوسری عالمی جنگ کی وسیع تر تباہی نے جاپانی معیارِ زندگی پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے۔ جنگ کے فوراً بعد زبوں حال معاشی و سماجی حالات کے سبب اوسط عمر بھی کم رہی۔مثلاً انیس سو تریسٹھ میں سو برس سے اوپر کے صرف ایک سو تریپن جاپانی زندہ تھے۔انیس سو اکیاسی میں یہ تعداد ایک ہزار اور انیس سو اٹھانوے میں دس ہزار تک پہنچ گئی اور آج ان کی تعداد محکمہ شماریات کے مطابق ایک لاکھ سات ہزار چھ سو ستتر ہے۔ان سب صدی زادوں کو سرکار نے ایک تعریفی سند اور روائیتی شراب ساکی کا ایک کپ بطور تحفہ ارسال کیا ہے۔( ساکی چاول سے کشید ہوتی ہے )۔

 جاپانی حکومت طویل عمری کو معیارِ زندگی کی مثالی بہتری سے جوڑتی ہے مگر یہ بھی تشویش لاحق ہے کہ شرحِ پیدائش میں انتہائی کمی کے سبب بوڑھوں کی تعداد میں اضافے کا مطلب ان کی طبی و سماجی دیکھ بھال اور پنشنوں پر سال بہ سال بڑھتا ہوا مالی بوجھ ہے۔

طویل العمری کی کئی وجوہات بتائی جاتی ہیں۔اگر خوراک کی بات کی جائے تو زیادہ تر آبادی کو مچھلی ، چاول اور سبزیاں مرغوب ہیں ، چکنائی کا استعمال کم سے کم ہے۔ آپ کو بہت کم موٹے یا توندیلے جاپانی نظر آئیں گے۔ہر آدمی کسی نہ کسی مشقت ، ورزش ، سائکلنگ یا چہل قدمی کا عادی ہے۔بزرگ لوگ باقاعدگی سے گروپ کی شکل میں کھلی جگہوں پر ورزش کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

حالانکہ جاپان گاڑیاں بنانے والے چوٹی کے ممالک میں شامل ہے مگر عام آدمی عموماً پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنا پسند کرتا ہے نیز دیکھ بھال کا کلچر ، طبی سہولتیں اور ادویات و ورزشی آلات ان قیمتوں پر دستیاب ہیں جو جیب پر بوجھ نہ بنیں۔

اس وقت تیس فیصد جاپانیوں کی عمر پینسٹھ برس سے اوپر ہے۔دو ہزار ستر تک چالیس فیصد آبادی پینسٹھ برس سے اوپر ہو گی۔آٹھ لاکھ جاپانی پچانوے برس سے اوپر کے ہیں جب کہ سالانہ صرف سات لاکھ بچے پیدا ہو رہے ہیں۔۔دو ہزار آٹھ میں جاپان کی آبادی ایک سو اٹھائیس ملین تھی جو کم ہو کر اب ایک سو تئیس ملین رہ گئی ہے۔ دو ہزار ستر میں یہ ستاسی ملین رہ جائے گی۔یعنی مزید تیس فیصد کم۔آبادی میں کمی کا رجحان گذشتہ چھپن برس سے مسلسل ہے اور اب اس میں مزید تیزی آ رہی ہے۔

اگرچہ حکومت بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی اور دیکھ بھال کے لیے اچھے خاصے الاؤنسز اور طویل میٹرنٹی رخصت سمیت والدین کو متعدد ترغیبات دے رہی ہے اس کے باوجود جاپانی ماؤں میں اوسط شرح پیدائش ایک اعشاریہ چار سے اوپر نہیں جا پا رہی۔جاپان میں ورک کلچر بھی جوڑوں کو اس جانب راغب کرنے میں ایک رکاوٹ بتایا جاتا ہے۔پختہ عمر میں شادیاں کرنے کا رجحان بڑھا ہے اور شادی شدہ جوڑے بھی یہ سمجھتے ہیں کہ بچوں کو جتنا وقت دینا چاہیے وہ نکالنا مشکل ہے۔لہذا بچے پیدا کرنے سے کیا فائدہ۔

چنانچہ تعمیرات ، زراعت ، ٹرانسپورٹ اور سماجی خدمات کے شعبوں میں بالخصوص کارآمد افرادی قوت کا بحران تیزی سے بڑھ رہا ہے۔دیہی علاقوں میں زیادہ تر بوڑھی آبادی رہتی ہے کیونکہ جوان نسل روزگار کی تلاش میں شہروں میں منتقل ہو جاتی ہے۔جاپان میں اس وقت غیر ملکی کارکنوں کی تعداد ( چالیس لاکھ ) کل آبادی کا محض تین فیصد ہے۔مگر جاپانی مزید غیر ملکی کارکن نہیں چاہتے۔ غیر ملکیوں کو مستقل سکونت کی اجازت دینے والی شرائط کو موجودہ حکومت نے پہلے سے زیادہ سخت کر دیا ہے۔

یکم اکتوبر سے نافذ نئے قوانین کے تحت جاپانی شہریت کے لیے صرف وہی غیر ملکی درخواست دے سکیں گے جو نہ صرف فرفر جاپانی بولتے ہوں بلکہ ان کی اوسط آمدنی ایک عام جاپانی کی اوسط آمدنی سے زیادہ ہو اور انھوں نے پنشن فنڈ میں تیس برس کے کنٹری بیوشن کے مساوی رقم ڈال رکھی ہو ( مطلب نہ ہی سمجھئے )۔

دائیں بازو کے اتحاد پر مشتمل موجودہ حکومت کہتی ہے کہ ان شرائط کا مقصد غیر ملکی باشندوں کو ریاست پر مالی بوجھ بننے سے روکنا ہے (جاپانی قانوناً دوہری شہریت نہیں رکھ سکتے )۔البتہ حزبِ اختلاف ان سخت شرائط کی منطق پر یہ سوال اٹھا رہی ہیں کہ ایک جانب تو وزیرِ اعظم سنائی تاکاایچی یہ کہہ رہی ہیں کہ آبادی کا نہ بڑھنا جلد ایک سنگین معاشی و بقائی بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے اور دوسری جانب غیر ملکی افرادی قوت کو بلانے میں بھی ہچکچاہٹ ہے۔

 غیر ملکی کارکنوں کی مخالف سنسیتو پارٹی کی پارلیمنٹ میں پندرہ نشستیں ہیں اور وہ تیسری بڑی پارلیمانی جماعت ہے۔دو ہزار چوبیس میں ساڑھے پینتیس فیصد جاپانی مزید عیر ملکی کارکنوں کی آمد کے مخالف تھے۔اب مخالفین کی تعداد چھپن فیصد سے زائد ہے۔آن لائن نسل پرستی میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

جاپان میں اگرچہ بوڑھی آبادی دیگر ممالک سے زیادہ ہے مگر مجموعی طور پر باقی دنیا میں بھی سہولتوں اور معیارِ زندگی میں نسبتاً بہتری کے سبب اوسط عمر بڑھی ہے۔مثلاً عالمی ادارہِ صحت کے مطابق دو ہزار چوبیس میں عالمی اوسط شرحِ عمر تہتر اعشاریہ تین برس تک پہنچ گئی جو انیس سو پچانوے کے مقابلے میں آٹھ اعشاریہ چار فیصد زیادہ ہے۔

اس وقت دنیا میں ساٹھ برس سے اوپر کی آبادی ایک اعشاریہ ایک ارب نفوس پر مشتمل ہے۔دو ہزار تیس میں یہ تعداد سوا ارب تک پہنچ سکتی ہے۔ہو سکتا ہے نئی پیڑھی کو یہ اضافہ بوجھ محسوس ہو مگر مجھ جیسے بوڑھے اس اضافے کے سبب خوش ہیں۔

(وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیے bbcurdu.com اورTweeter @WusatUllahKhan.پر کلک کیجیے)