دیوالی کے بعد بھارتی شہروں میں فضائی آلودگی کی وجہ سے لاہور کے متاثر ہونے کا خدشہ

بھارتی پنجاب کے 34 مانیٹرنگ مقامات میں سے 24 پر فضائی آلودگی خطرناک سطح پر رپورٹ ہوئی


محمد الیاس November 09, 2026
فوٹو: بی بی سی

لاہور:

دیوالی کے بعد نئی دہلی اور بھارتی پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی انتہائی بلند سطح، ہوا کی کم رفتار اور مشرقی راہداری سے پاکستان کی جانب چلنے والی ہواؤں کے باعث لاہور کی فضائی صورتحال مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

سینیئر صوبہ وزیر مریم اورنگزیب کی ٹویٹ کے مطابق گزشتہ رات تقریباً 12 بجے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق لاہور سے ملحقہ بھارتی علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

لاہور سے تقریباً 49 کلومیٹر دور کھیم کرن میں AQI 631، 50 کلومیٹر دور پٹی میں 291، 51 کلومیٹر دور امرتسر میں 514، 113 کلومیٹر دور گورداسپور میں 477، 120 کلومیٹر دور جالندھر میں 848، 160 کلومیٹر دور ابوہڑ میں 1244، بھٹنڈہ میں 1032، 161 کلومیٹر دور لدھیانہ میں 744 اور 174 کلومیٹر دور برنالہ میں 967 رپورٹ ہوا۔

بھارتی پنجاب کے 34 مانیٹرنگ مقامات میں سے 24 پر فضائی آلودگی خطرناک سطح پر رپورٹ ہوئی، جبکہ 7 مقامات پر AQI ایک ہزار سے تجاوز کر گیا۔ فریدکوٹ میں سب سے زیادہ 1588 جبکہ نئی دہلی میں 537 رپورٹ ہوا۔ یہ اعداد و شمار موصولہ رپورٹ کے مطابق ہیں۔

ہوا کی سست رفتار اور پاکستان کی جانب ممکنہ فضائی بہاؤ کے باعث سرحد پار آلودگی لاہور کے فضائی معیار پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔

لاہور میں رات اور صبح کے اوقات میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) انتہائی مضرِ صحت سے خطرناک حد تک رہنے کا امکان ہے، تاہم دوپہر کے ابتدائی اوقات سے موسمی حالات اور ہواؤں کے رخ میں بہتری کے ساتھ فضائی آلودگی میں بتدریج کمی متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے اسموگ فری پنجاب وژن اور خصوصی ہدایات کے تحت تمام متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ فصلوں کی باقیات اور کچرا جلانے کے خلاف سخت کارروائیاں، صنعتوں اور اینٹوں کے بھٹوں پر ماحولیاتی آلودگی کنٹرول کرنے والے نظام کی کڑی نگرانی اور گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ لاہور بھر میں آلودگی سے زیادہ متاثرہ مقامات پر مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے اسموگ گنز کی تعیناتی اور نقل و حرکت بھی جاری ہے۔

حکومتِ پنجاب صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) پنجاب شہریوں اور میڈیا کو فضائی معیار، پیش گوئیوں اور ضروری احتیاطی تدابیر سے متعلق بروقت آگاہ کرتی رہے گی۔

شہریوں سے گزارش ہے کہ EPA پنجاب کی جاری کردہ ایڈوائزری اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے بھرپور تعاون کریں۔