تائی یوان: چین کے شمالی صوبے شانشی کے شہر تائی یوان میں ایک بلند عمارت میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے، جن میں سے 9 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے پیر کو حکام کے حوالے سے بتایا کہ آگ اتوار کی شام شہر کے مرکزی علاقے میں واقع ایک عمارت میں لگی۔ مقامی وقت کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ شام 4 بج کر 59 منٹ پر پیش آیا۔
آگ بجھانے والے عملے نے تقریباً دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد شعلوں پر قابو پالیا۔ حکام کے مطابق اتوار کی رات ساڑھے 8 بجے تک امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی تھیں اور مجموعی طور پر 38 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اتوار کی رات تک پانچ ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی تھی، تاہم پیر کو ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 14 ہوگئی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق 25 زخمی تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جن میں 9 کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکام نے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے چین کے صوبے شانشی میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے بیان کے مطابق صدر زرداری نے متاثرہ خاندانوں اور چین کی قیادت سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور برادرانہ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چینی صدر شی جن پنگ، چینی قیادت، عوام اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔