کھانا کھانے کے فوراً بعد کچھ میٹھا کھانے کو دل چاہتا ہے؟ اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے تو اس کے پیچھے صرف شوق نہیں بلکہ جسمانی اور نفسیاتی عوامل بھی ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کھانے کے بعد میٹھے کی خواہش کا تعلق غذا، ہارمونز، نیند اور روزمرہ عادات سے ہو سکتا ہے۔

کھانے کے بعد میٹھا کیوں یاد آتا ہے؟
بھارتی ڈاکٹر نیتھرا کے مطابق سفید چاول، میدے اور پراسیسڈ غذاؤں سے بلڈ شوگر تیزی سے بڑھ سکتی ہے، جبکہ پروٹین، فائبر اور صحت بخش چکنائی کی کمی پیٹ بھرنے کے احساس کو متاثر کرسکتی ہے۔
اس کے علاوہ کھانے کے بعد میٹھا کھانے کی عادت، ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی بھی اس خواہش کو بڑھا سکتے ہیں۔

میٹھے کی طلب کیسے کم کریں؟

ماہرین متوازن غذا، سبزیوں، پروٹین، مناسب پانی اور بھرپور نیند کا مشورہ دیتے ہیں۔
اگر میٹھے کی غیرمعمولی خواہش کے ساتھ زیادہ پیاس، بار بار پیشاب یا وزن میں غیرمتوقع تبدیلی ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔