ایران جنگ نے خلیجی ممالک کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا؛ اربوں ڈالرز کا نقصان

خلیجی ممالک 2030 تک ان کی مجموعی معاشی پیداوار میں 790 ارب ڈالر کی کمی کا خدشہ بھی ہے


ویب ڈیسک November 11, 2026
ایران جنگ نے خلیجی معیشتیں ہلا دیں، 2030 تک 790 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ (فائل فوٹو)

خلیجی ممالک میں اب تک 200 ارب ڈالر سے زائد رقم کا نقصان ہو چکاہے جس کے اثرات 2030 تک جائیں گے اور مجموعی نقصان 790 ارب ڈالر تک متوقع ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی بیمہ کمپنی الیانز ٹریڈ نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنگ سے ہونے والی تباہی کا زیادہ تر بوجھ آبنائے ہرمز پر انحصار کرنے والی معیشتوں، خصوصاً توانائی کے شعبے پر پڑا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ کے دوران خلیجی خطے میں توانائی کی 80 سے زائد تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن میں زیادہ تر کویت، قطر اور بحرین میں واقع ہیں اور اکثر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جناب ان ممالک میں جنگ کے اثرات صرف توانائی کے شعبے تک محدود نہیں رہے بلکہ سیاحت اور جائیدادوں کے کاروبار کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کے باعث آنے والے برسوں میں ان شعبوں کی ترقی کی رفتار سست رہنے کا امکان ہے۔

الیانز ٹریڈ کے تخمینے کے مطابق 2026 سے 2030 تک خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی مجموعی معاشی پیداوار میں جنگ سے پہلے کی متوقع شرح کے مقابلے میں 5.9 فیصد کمی ہوسکتی ہے جس کی مالی مالیت 790 ارب ڈالر بنتی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ خلیجی ممالک نقصانات کی تلافی کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے بجائے دفاع، بنیادی ڈھانچے اور ملکی ضروریات پر اخراجات بڑھانے پر توجہ دیں گے۔