انطالیہ میں وزیراعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں پاکستان کی سفارتی ترجیحات کے حوالے سے اہم ہیں۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے گفتگو میں خطے کے طویل عرصے سے جاری تنازعات پر تشویش، مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے جون 2026 میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے علاقائی امن کے لیے پاکستان کا تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر کی جانب سے پاکستان کی سفارتی حمایت اور امن کی کوششوں کو سراہنا اس امر کا اعتراف ہے کہ خطے میں اعتماد سازی کے لیے پاکستان کی آواز کو اہمیت حاصل ہے۔
یہاں ایک وسیع تر حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ ماحولیاتی تحفظ اور علاقائی امن دو الگ الگ موضوعات دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کے درمیان گہرا تعلق موجود ہے۔ جنگوں، عسکری تصادم اور سیاسی عدم استحکام کے نتیجے میں نہ صرف انسانی جانیں ضایع ہوتی ہیں بلکہ بنیادی ڈھانچے، توانائی کے نظام، زرعی زمینوں اور قدرتی وسائل کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ تنازعات میں گھرے معاشرے ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دینے کی صلاحیت کھو بیٹھتے ہیں۔ اس لیے پاکستان کا مذاکرات اور سفارت کاری پر اصرار دراصل اس وسیع تصور کا حصہ ہے جس میں امن، معاشی ترقی اور ماحولیات کو ایک دوسرے سے مربوط سمجھا جاتا ہے۔
کویت کے وزیراعظم احمد عبداللہ الاحمد الصباح سے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیر مقدم بھی اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان اور کویت کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو نئے معاشی امکانات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دونوں ممالک باہمی تعاون کو عملی شکل دے سکتے ہیں۔ اسی طرح سعودی عرب، بنگلہ دیش، شام اور اسلامی تعاون تنظیم کے نمایندوں سے روابط پاکستان کے سفارتی دائرے کو وسعت دینے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفی سے ملاقات میں فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار بھی ہماری دیرینہ خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ فلسطین کا مسئلہ محض علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق، حق خود ارادیت اور عالمی انصاف کے اصولوں سے وابستہ ہے۔ پاکستان کو ان اصولوں کی حمایت سفارتی فورموں پر پوری استقامت سے جاری رکھنی چاہیے۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی میزبانی میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی شرکت اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی موجودگی عالمی سطح پر اس موضوع کی اہمیت کو مزید نمایاں کرتی ہے۔ تاہم اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوگی جب ان عالمی اجتماعات میں کیے گئے وعدے قومی منصوبہ بندی، مالیاتی تعاون اور قابل پیمائش نتائج میں تبدیل ہوں گے۔ وزیراعظم کا 35 بائی 35 کے عہد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور اسی ضرورت کی یاد دہانی ہے کہ موسمیاتی اہداف کسی ایک ریاست کی تنہا جدوجہد سے حاصل نہیں ہوسکتے۔
دنیا کی سیاسی تاریخ میں بعض لمحے ایسے آتے ہیں جب سفارت کاری کے ایوانوں میں ہونے والی گفتگو محض رسمی بیانات تک محدود نہیں رہتی بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کا رخ متعین کرنے کی صلاحیت حاصل کر لیتی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی بھی ایسا ہی ایک چیلنج ہے جس نے جغرافیائی سرحدوں، معاشی ترجیحات اور روایتی سیاسی اختلافات کی معنویت بدل دی ہے۔ اب کسی ملک کی خوش حالی کا پیمانہ صرف اس کی صنعتی پیداوار، دفاعی قوت یا مالیاتی ذخائر نہیں بلکہ یہ بھی ہے کہ وہ اپنی زمین، پانی، فضا اور قدرتی وسائل کو آنے والے زمانوں کے لیے کس قدر محفوظ رکھ سکتا ہے۔ انطالیہ میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 میں وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب اسی وسیع تر تناظر میں اہمیت رکھتا ہے کہ پاکستان نے ماحولیاتی تحفظ کو محض داخلی ضرورت نہیں بلکہ عالمی ذمے داری اور مشترکہ مستقبل کا بنیادی مسئلہ قرار دیا ہے۔پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو عالمی کاربن اخراج میں نسبتاً معمولی حصہ رکھنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات سے دوچار ہیں۔
سیلاب، غیر معمولی بارشیں، طویل خشک سالی، بڑھتا ہوا درجہ حرارت، گلیشیئرز کا پگھلاؤ اور زرعی پیداوار میں غیر یقینی صورت حال ہماری معیشت، غذائی تحفظ اور انسانی زندگیوں کے لیے مستقل خطرات پیدا کر رہے ہیں۔ اس حقیقت کا سب سے تکلیف دہ پہلو یہ ہے کہ جن ممالک نے صنعتی ترقی کے طویل سفر میں فضا کو آلودہ کیا، ان کے پاس ان نقصانات سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی موجود ہیں، جب کہ ترقی پذیر ریاستیں اپنے محدود وسائل کے باوجود موسمیاتی تباہ کاریوں کا بوجھ اٹھانے پر مجبور ہیں۔ چنانچہ وزیراعظم کا عالمی برادری سے یہ مطالبہ کہ ترقی پذیر ممالک کو ان کے موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے وعدوں کے مطابق مالی معاونت، جدید ٹیکنالوجی اور آسان شرائط پر سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں، محض مالی امداد کی درخواست نہیں بلکہ موسمیاتی انصاف کے بنیادی اصول کی ترجمانی ہے۔
وزیراعظم نے کانفرنس میں واضح کیا کہ پاکستان کو 2035تک کم کاربن توانائی منصوبوں کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہوں گے، جب کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے موجودہ نظام کو شمسی توانائی سے تبدیل کرنے کے لیے مزید 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔ یہ اعدادوشمار محض سرمایہ کاری کے تخمینے نہیں بلکہ اس معاشی حقیقت کا اظہار ہیں کہ توانائی کے شعبے میں بنیادی تبدیلی ایک وسیع مالیاتی اور تکنیکی منصوبہ بندی کا تقاضا کرتی ہے۔
ترقی پذیر ملک اپنی معیشت کو مستحکم رکھنے، صنعتوں کو توانائی فراہم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کو مہنگی بجلی سے نجات دلانے کی کوشش بھی کرے اور ساتھ ہی ماحول دوست توانائی کی طرف تیزی سے پیش قدمی بھی کرے تو اس کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہوجاتا ہے۔ ترقی یافتہ دنیا کو یہ سمجھنا ہوگا کہ موسمیاتی تحفظ کی ذمے داری محض کانفرنسوں میں عہد دہرانے سے پوری نہیں ہوگی، اس کے لیے مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔
پاکستان نے اپنی توانائی پالیسی میں صاف ذرائع کی طرف پیش رفت کے ذریعے اس عزم کا عملی اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق قومی توانائی کے مجموعی نظام میں صاف ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جب کہ گھروں اور عمارتوں کی چھتوں پر شمسی توانائی کے ذریعے تقریباً 22 ہزار میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا اضافہ ایک خاموش مگر غیر معمولی انقلاب کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ تبدیلی اس امر کی نشان دہی کرتی ہے کہ جب توانائی کی قیمتیں عام صارف کی قوت خرید سے باہر ہونے لگتی ہیں تو عوام متبادل ذرائع کی طرف خود بھی پیش قدمی کرتے ہیں۔ تاہم اس پیش رفت کو مستقل اور منظم قومی حکمت عملی میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ شمسی توانائی کے پھیلاؤ کے ساتھ بجلی کی ترسیل، ذخیرہ کرنے کی سہولت، قومی گرڈ کی استعداد اور متبادل توانائی کی متوازن تقسیم پر بھی توجہ دینا ہوگی تاکہ پیدا ہونے والی بجلی قومی ضروریات کے مطابق مؤثر طور پر استعمال ہوسکے۔
حکومت کی نئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں کی فروخت میں برقی گاڑیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہنچانے کا ہدف بھی قابل توجہ ہے۔ اسی طرح سرکاری شعبے میں آیندہ خریدی جانے والی بسوں اور موٹر سائیکلوں کو برقی توانائی پر منتقل کرنے کا ارادہ اور پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر دس موٹر سائیکلوں میں سے ایک سے زیادہ کا برقی ہونا اس تبدیلی کے ابتدائی آثار ہیں۔ لیکن برقی گاڑیوں کے فروغ کے لیے محض خریداری پر مراعات کافی نہیں ہوں گی۔ ملک بھر میں چارجنگ اسٹیشنوں کا جال، بیٹریوں کی مناسب قیمت، مقامی صنعت کی ترقی اور بجلی کی قابل اعتماد فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ اگر یہ شعبہ درست منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھا تو درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہونے کے ساتھ شہری فضائی آلودگی اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کمی ممکن ہے۔
دنیا اب ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں ترقی کی پرانی تعریفیں نئے ماحولیاتی حقائق کے سامنے اپنی معنویت کھو رہی ہیں۔ پاکستان نے انطالیہ میں صاف توانائی، موسمیاتی انصاف اور علاقائی امن کے حوالے سے جو موقف پیش کیا ہے، وہ ایک ذمے دار ریاست کی سوچ کا مظہر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ عزم محض عالمی تقریر کا حصہ نہ رہے بلکہ قومی پالیسی، معاشی اصلاحات اور عوامی سہولت میں ڈھل جائے۔ موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کسی ایک ملک کی کامیابی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی مشترکہ بقا کا سوال ہے، اور اس جدوجہد میں پاکستان کو اپنی سفارتی بصیرت کے ساتھ عملی صلاحیت بھی ثابت کرنا ہوگی۔