اکتوبر 2026میں مشی گن سے امریکی سینیٹ کے امیدوار عبدالالسید ایک انتخابی اجتماع میں لوگوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے کہ ایک نوجوان نے مائیک سنبھالا۔ اس کا نام ٹامی تھا۔ اس نے عبدالالسید سے پوچھا ’’کیا آپ مسلم برادرہڈ سے لاتعلقی کا اعلان کریں گے؟‘‘ عبدالالسید نے الٹا اس سے اس کا نام پوچھا۔ نوجوان نے اپنا نام ٹامی بتایا تو عبدالالسید نے مسکرا کر کہا ’’ہیلو ٹامی، آپ کیسے ہیں؟‘‘ پھر انھوں نے سوال کا جواب دینے سے پہلے پوچھا کہ ’’آخر آپ مجھ سے یہ سوال کیوں کر رہے ہیں؟ ‘‘ٹامی کا جواب تھا کہ ’’ مسلم برادرہڈ ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔‘‘ عبدالالسید نے کہا کہ ’’ وہ یقیناً اس سے لاتعلقی کا اظہارکرتے ہیں، لیکن آپ نے یہ کیوں فرض کر لیا کہ میں ایسا نہیں کروں گا؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ مسلمان ہونے کی وجہ سے میری وفاداری امریکی آئین کے بجائے کسی دوسری تنظیم کے ساتھ ہوگی؟‘‘
اس کے بعد عبدالالسید نے امریکی تاریخ کا ایک دلچسپ حوالہ دیا۔ 1960 میں جب جان ایف کینیڈی امریکا کے پہلے کیتھولک صدر بننے کے لیے انتخاب لڑ رہے تھے تو ان سے بھی پوچھا گیا تھا کہ ’’کیا ان کی اصل وفاداری امریکی آئین کے بجائے ویٹیکن اور پوپ کے ساتھ ہوگی؟‘‘ کینیڈی نے جواب دیا تھا کہ’’ وہ کیتھولک صدر بننے کے لیے نہیں بلکہ امریکی صدر بننے کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں اورعقیدے کے لحاظ سے کیتھولک ہیں۔‘‘ عبدالالسید نے اسی منطق کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ وہ مسلمان سینیٹر بننے کے لیے نہیں بلکہ امریکی سینیٹ کا رکن بننے کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں اورعقیدے سے مسلمان ہیں۔‘‘ یہ تجربہ صرف عبدالالسید تک محدود نہیں۔ الہان عمر، رشیدہ طلیب اور زہران ممدانی بھی امریکی سیاست میں مذہبی شناخت کی بنیاد پر حملوں کا سامنا کرتے رہے ہیں۔
الہان عمر کو نائن الیون کے حوالے سے ان کے ایک بیان کے بعد جس طرح نشانہ بنایا گیا، اس کے بعد انھیں قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے ان کے بیان کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی تباہی کی تصاویر کے ساتھ نشر کیے جانے کے بعد ان کے مطابق دھمکیوں میں اضافہ ہوا۔ رشیدہ طلیب کو فلسطینی شناخت اور غزہ کے بارے میں ان کے موقف کی وجہ سے مسلسل تنقید کا سامنا ہے۔ 2019 میں ایک شخص کو ان سمیت مسلمان کانگریس ارکان کے خلاف نسلی تعصب اور قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔زہران ممدانی کے خلاف بھی نیویارک کی انتخابی مہم میں ان پر الزامات کی بھرمار رہی۔ امریکا میں مسلمانوں کی انتخابی سیاست پر رٹگرز یونیورسٹی کے مرکز برائے سلامتی، نسل اور حقوق کی 2026 کی تحقیقی رپورٹ بھی اسی صورت حال کی نشان دہی کرتی ہے۔ رپورٹ نے 2001 سے 2026 تک مسلمان امیدواروں اور منتخب نمایندوں کے 31 سے زیادہ واقعات کا مطالعہ کیا اور مسلمانوں کے خلاف سازشی الزامات، قبضے کے خوف، صنفی تعصب اور سیاسی تشدد کو انتخابی سیاست کے نمایاں رجحانات قرار دیا، لیکن اس کہانی کا ایک دوسرا رخ بھی ہے، جس پر عموماً گفتگو نہیں ہوتی۔
امریکا ہو یا بھارت، برطانیہ ہو یا فرانس، مسلمان اپنے مسلمان ہونے کا اعلان تو پورے اعتماد سے کرتے ہیں، مگر ان کی زندگیوں کا ایک بڑا حصہ یہ وضاحتیں دیتے گزرتا ہے کہ وہ انتہاپسند نہیں، دہشت گرد نہیں، کسی خفیہ عالمی سازش کا حصہ نہیں اور اپنے ملک سے وفاداری میں کسی دوسرے شہری سے کم نہیں۔ ان سے بار بار پوچھا جاتا ہے کہ وہ پہلے مسلمان ہیں یا امریکی، بھارتی، برطانوی یا فرانسیسی۔ گویا مسلمان ہونا بذاتِ خود ایک ایسا سوالیہ نشان ہے جسے مٹانے کے لیے انھیں مسلسل اپنی شہریت اور وفاداری کا ثبوت دینا پڑتا ہے۔اس صورت حال کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ مسلمان سیاسی نمایندے اور ان کے دانشور بھی اکثر اپنے دفاع میں اپنے عقائد کی ایک ایسی تعبیر پیش کرتے ہیں جس میں عقیدہ بنیادی طور پر فرد کا نجی معاملہ بن جاتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہر شخص کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی ہے، مسلمان کسی پر اپنا مذہب مسلط نہیں کرنا چاہتے اور مذہبی شناخت کا ریاستی اقتدار سے کوئی لازمی تعلق نہیں۔ قولی اور عملی طور پر وہ اپنے آپ کو جدید لبرل جمہوریت کے لیے قابل قبول ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اسلامی تاریخ میں خلافت، سلطنت، شریعت اور سیاسی اقتدار کے باہمی تعلق کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ کسی بھی مسلم ریاست میں مسلمان حکمران کو واضح کرنا ہوگا کہ اس کے نزدیک اس بالادستی کا قیام کس طریقے سے ہوگا، غیر مسلم شہریوں کے حقوق کیا ہونگے، مذہبی اختلاف کی گنجائش کتنی ہوگی اور اقتدار کی تبدیلی و حکمرانوں کے احتساب کا نظام کیا ہوگا۔ اپنی سیاسی فکر کو لبرل جمہوریت میں پروان چڑھاتے ہوئے آپ کو بہت سے بنیادی سوالات کا جواب دینا پڑتا ہے۔ عبدالالسید اور ٹامی کا مکالمہ بھی بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔