ایک کتاب دوست کی مجلس میں!

اسلام آباد کے اُس خوبصورت سیکٹر کے اس دلنشیں گھر میں موجود یہ عظیم الشان لائبریری جناب محمد سلیم بیگ صاحب کی ملکیت ہے


تنویر قیصر شاہد November 13, 2026
[email protected]

اسلام آباد کے اُس پوش سیکٹر کی وہ گلی آگے جا کر بند ہو جاتی ہے ؛ چنانچہ یہاں ٹریفک کا گزر کم کم ہے ۔ گھر کے سامنے پہنچ کر شور اور آلودگی کا گراف یک دم نیچے گرتا محسوس ہوتا ہے ۔ خوبصورت اور کشادہ گھر کے سامنے ایک شاندار ، مگر چھوٹا سا ، صاف ستھرا پارک ہے۔

اِس پارک میں چیڑھ اور دیودار کے بلند درخت کھڑے جھومتے ہیں ۔ ٹھنڈی ہوا یہاں دل تھام کر بہتی ہے ۔ اِس خوابناک اور پُر سکون ماحول میں ایستادہ گھر آدرشوں بھرا محسوس ہوتا ہے ۔اگلے روز مجھے اِسی گھر کے مکین سے ملنے ، اُن کی تجربات بھری زندگی کی بازگشت سننے اور اُن کی عظیم الشان و گرانقدر لائبریری میں دو گھنٹے گزارنے کا زرّیں موقع ملا ۔ واقعی معنوں میں اُن کی لائبریری کا ماحول سحر انگیز ہے۔ اس جادُو نگری میں نایاب اور مہنگی ترین کتابیں اپنی بے زبانی میں ہمکلام ہوتی ہیں ۔ اگر کہا جائے کہ اُن کی لائبریری ، جسے نہائت پُر شکوہ اسلوب میں سجایا اور مرتّب کیا گیا ہے ، کی ہر کتاب ہر جانب خوشبو بکھیرتی ہے تو یہ کہنا قطعی بے جا نہ ہوگا۔ کتاب کی مخصوص خوشبو سے مشامِ جاں کو معطّر کرنے کے لیے مگر ایک مخصوص مزاج اور حِس کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد کے اُس خوبصورت سیکٹر کے اس دلنشیں گھر میں موجود یہ عظیم الشان لائبریری جناب محمد سلیم بیگ صاحب کی ملکیت ہے۔ بیگ صاحب پاکستان بھر کے مدیروں، صحافیوں ، کالم نگاروں اور اینکروں کی جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ اپنی پیشہ ورانہ اور سرکاری زندگی میں وہ کئی وفاقی وزرا کے افسر تعلقاتِ عامہ ، DEMPایسے اہم وفاقی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اورپرنسپل انفرمیشن آفیسر (PIO) ایسے اہم ترین عہدے پر بھی فائز رہے۔دو بار PEMRAکے چیئرمین بننے کا اعزاز حاصل کیا۔یوں وہ پاکستان بھر کے الیکٹرانک میڈیا کی ایک شناسا شخصیت ہیں۔وہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے مالکان اور وابستگان کے معتمد بھی رہے۔

اِسی اعتماد و اعتبار نے اُنہیں دو بار ’’پیمرا‘‘ کی حساس ذمے داریاں سنبھالنے اور نبھانے کے مواقع فراہم کیے۔ اُن کا تعارف مگر فقط یہ نہیں ہے کہ وہ اب ایک سینئر ریٹائرڈ بیوروکریٹ ہیں۔ اُن کی اصل پہچان، بلکہ، یہ ہے کہ محمد سلیم بیگ صاحب وفاقی دارالحکومت کی نہائت پڑھی لکھی، مگر محدود، برادری کے نمایاں ترین فرد ہیں ۔ ایسا فرد جس کے ہر جملے میں کسی نہ کسی قدیم اور جدید کتاب کا معتبر حوالہ ٹپکتا ہے ۔خدا تعالیٰ نے اُنہیں بلا کا حافظہ بھی عطا فرما رکھا ہے ۔ کتابی چہرے کے حامل اِس کتابی شخص کی مجلس میں بیٹھنے اور اُن کی عظیم المرتبت لائبریئری میں چند گھنٹے گزارنا اور اُن کی باتوں سے لطف اندوز ہونا کیا باعثِ اعزاز نہیں ہے ؟

بیگ صاحب کے پُر سکون گھر اور عجائبات بھری لائبریری میں بیٹھ کر مجھے معاً یوں محسوس ہُوا جیسے مَیں نیویارک سے متصل امریکی ریاست ، نیوجرسی ، میں موجود اپنے ایک عزیز ترین دوست کے گھر میں بیٹھا ہُوں۔ چند برس قبل مجھے اپنے اس دوست کے گھر میں چند ایام گزارنے کا موقع ملا ۔ ریاست نیوجرسی میں یہ پُر شکوہ گھر سمندر کنارے آباد ہے ۔ اس گھر کے عقب میں واقع گھنے جنگل میں درختوں پر دلکش پرندے گیت گاتے ہیں اور اس کے وسیع سبزہ زار میں راتوں کو ہرن بسیرا کرنے آ جاتے ہیں ۔ راقم نے اِس یاد اور احساس کا ذکر سلیم بیگ صاحب سے کیا تو وہ ہولے سے مسکرا کر رہ گئے۔

ملازم چائے اور بسکٹ سے مزیّن طشتری نجانے کب کا میز پر رکھ کر چلا گیا تھا ، مگر اُس دل آویز لائبریری میں بیٹھ کر بھلا چائے بسکٹ کی طرف متوجہ ہونے کا کسے ہوش رہتا ہے ؟ میزبان نے مجھے یہ بتا کر میرے ہوش اُڑا دیئے : میری اِس لائبریری میں کم از کم25ہزار کتابیں موجود ہیں ۔ بعض قدیم اور نایاب کتابیں(جو کئی کئی جِلدوں پر مشتمل ہیں) لاکھوں روپوں قیمت کی حامل ہیں ۔ قیمتی ترین انسائیکلو پیڈیاز بیگ صاحب کی لائبریری کی بیش قیمت زینت ہیں ۔

حیرت و تحیر اور سناٹے میں ڈُوبے اُس ماحول میں راقم نے میزبان سے پوچھا: آپ تنہا ہی اپنی لائبریری میں بیٹھ کر کتاب بینی سے محظوظ ہوتے رہتے ہیں یا آپ کی اِس گرانقدر اور پُر آسائش لائبریری سے کسی بیرونی عاشقِ کتاب کو بھی استفادہ کرنے کی اجازت ہے ؟ اور اب تک کتنے ایسے عشاق اِس لائبریری سے مستفید ہو چکے ہوں گے ؟ جواب میں بیگ صاحب نے جو رمزاًاور کنایتاً جواب دیا ، اب تک تفہیم سے بالا ہے ۔

اُن کا کہنا تھا :’’ خود میں اِس لائبریری میں روزانہ کم از کم چار پانچ گھنٹے مطالعہ میں گزارتا ہُوں ۔‘‘پھر توقف سے بولے :’’ جب کبھی ڈپریشن بڑھ جائے تو اِسے توڑنے کے لیے خاص طور پر نئی آنے والی کتابوں کا مطالعہ میرے لیے بنیادی سہارا ہی نہیں بلکہ دوائی بن جاتا ہے ۔‘‘ پھر مسکراتے ہُوئے گویا ہُوئے: ’’قیمتی اور نئی کتابوں کی خریداری پر جو روپیہ خرچ ہوتا ہے، اِس کا راز بیگم صاحبہ تک کم کم پہنچ پاتا ہے ۔‘‘

چند روز قبل جب راقم کی بیگ صاحب سے اُن کی نجی لائبریری میں ملاقات ہُوئی ، اُس روز دُنیا بھر میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مڈٹرم انتخابات میں شکست کی خبر گونج رہی تھی۔اِس حوالے سے بھی اُن سے بات چیت مفید رہی ۔اُن کی میز پر ایک کتابThe Dangerous Case of Donald Trump نامی پڑی تھی۔ یہ کتاب چند سال قبل Bandy Leeنے لکھی تھی۔ حیرت ہُوئی کہ مصنف نے چند سال قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی نفسیات کا جو مطالعہ کیا تھا اور اُن کے جو نتائج اخذ کیے تھے، وہ درست نکلے ہیں۔ تقریباً25ہزار کتابوں کے بیش قیمت جھرمٹ میں بیٹھے سلیم بیگ صاحب نے بطورِ’’پیمرا‘‘ چیئرمین کئی ذاتی تجربات میں راز دار بنایا۔یہ واقعات نہیں ، بلکہ ہمارے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے سانحات کہلانے کے مستحق ہیں ۔ راقم نے اُن سے عرض کیا: مناسب نہ ہوگا کہ آپ اِن مشاہدات و تجربات کو یادوں کی شکل میں حوالہ قرطاس کر دیں؟ جواب میں اُنھوں نے کچھ ایسا اشارہ کیا کہ مجھے استاد ابراہیم ذوق کا یہ شعر یاد آگیا:یاں لب پہ لاکھ لاکھ سخن اضطراب میں/ واں ایک خامشی تری سب کے جواب میں!ایک سرکاری ریٹائرڈ بیورو کریٹ کے قیمتی تجربات و مشاہدات سے معمور زندگی شائد سرکاری امانت ہی سمجھی جاتی ہے ۔

بیگ صاحب شائد اِسی لیے متردّد ہیں۔ مگر ہمارے ہاں بہت سی ایسی مثالیں موجود ہیں کہ ریٹائرڈ بیوروکریٹس نے اپنی یادوں اور یادداشتوں کو صفحہ قرطاس پر محفوظ کرکے اِس خزانے کو آنے والی نسلوں تک منتقل کر دیا ۔ بیگ صاحب شائد ، قلم اُٹھانے سے قبل،ابھی اپنی ہمتوں کو مجتمع کرنے کی سعی کررہے ہیں ۔اُن کے تجربات و مشاہدات مگر اتنے وقیع اورWorthwhile ہیں کہ اُنہیں قوم کے سامنے آنا چاہیے ۔ خاص طور پر یہ تجربات پاکستانی میڈیا کے وابستگان کے لیے تو بے حد مفید ثابت ہوں گے ۔

وقتِ رخصت ،از راہِ محبت و کرم، محمد سلیم بیگ صاحب نے مجھے چند ہی ہفتے قبل مارکیٹ میں آنے والی ایک نئی کتاب بطورِ تحفہ عنائت فرمائی ۔ یہ کتاب وطنِ عزیز کے ایک معروف صحافی کے قلم کا شاہکار ہے۔ ایک عاشقِ کتاب کی جانب سے ایک عاشقِ کتاب کو کتاب کا تحفہ ہی دیا جا سکتا ہے کہ کتاب دوستوں کے نزدیک معتبر حرفِ مطبوعہ ہی حقیقی ارمغان ہے ۔یہ تازہ ترین کتاب وطنِ عزیز کے ایک ایسے تجربہ کار اخبار نویس کی کاوشوں اور تجربات کا نچوڑ ہے جس نے صحافت کی وادیِ پُر خار میں40سال گزارے ہیں۔ اِس ذہن کشا تصنیف ( جس کا مطالعہ ہر پاکستانی ورکنگ جرنلسٹ کے لیے لازم ہے) کا ٹائٹل پاکستان کے نامور کارٹونسٹ کی شرارتی اور طنزیہ لکیروں کا شاہکار ہے۔

ابھی تک نصف کتاب ہی پڑھ سکا ہُوں ۔ جتنی بھی پڑھی ہے ، پڑھ کر دل اُداس اور افسردہ ہے ۔ پچھلے 79برسوں کے دوران پاکستان کے ہر حکمران نے، بقدرِ جثہ، پاکستانی صحافت اور صحافیوں سے جو ’’محبتیں‘‘ کی ہیں، اِن ’’محبتوں‘‘ نے پاکستانی میڈیا کو آج کے انجام تک پہنچا دیا ہے ۔ مگرآفرین ہے پاکستانی میڈیا سے وابستہ جری اخبار نویسوں پر جنھوں نے متنوع دباؤ اور دَم بہ دَم بڑھتے موت کے سائے میں صحافت کا پرچم تھامے اور بلند کیے رکھا ۔بیگ صاحب کا شکریہ جنھوں نے مجھے یہ تازہ ترین کتاب پڑھنے کا موقع فراہم کیا ۔ تحفے میں ملی یہ کتاب میسر نہ آتی تو ہزاروں روپے قیمت کی حامل یہ شاندار کتاب شائد راقم خرید ہی نہ پاتا ۔