تعفن زدہ سیاست (دوسرا اور آخری حصہ)

سیاست اختلافات کو مکالمے سے حل کرنے کا نام ہے۔ خاص کر ایسے حالات میں جب ملک کے دو صوبوں میں حالات خراب ہیں۔



اپنی تاریخ کا اگر غیر جانبدارانہ مطالعہ کیا جائے تو یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں اور واضح ہو جاتی ہے کہ جب بھی سیاست سے تقویٰ، خوفِ خدا اور عدالتِ الٰہی کا احساس ختم ہوا، اس قوم پر زوال اور ذلت مسلط کر دی گئی۔ اس کے برعکس خلفائے راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سیاست کا مقصد اقتدار کا حصول، ذاتی آسائشیں یا خاندانی اجارہ داریاں قائم کرنا نہیں تھا بلکہ خدا کی زمین پر خدا کا نظام نافذ کرنا تھا۔ خلیفہ اول امیر المومنین سیدنا ابوبکر صدیقؓ نے مسندِ خلافت سنبھالی تو اپنے پہلے ہی خطبے میں فرمایا تھا کہ لوگو! مجھے تم پر حاکم بنایا گیا ہے حالانکہ میں تم سے بہتر نہیں ہوں، اگر میں سیدھا رہوں تو میری مدد اور اتباع کرو اور اگر میں ٹیڑھا ہو جاؤں تو مجھے سیدھا کر دو۔ خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروقؓ کا وہ سنہری اور تاریخی دورِ حکومت تاریخ کا وہ روشن باب ہے جہاں ایک عظیم الشان سلطنت کا حکمران راتوں کو اٹھ کر مدینے کی گلیوں میں پہرہ دیتا تھا تاکہ کوئی بیوہ، یتیم یا مسافر بھوکا نہ سوئے اور فرمایا کرتے تھے کہ اگر فرات کے کنارے ایک کتا بھی پیاسا یا بھوکا مر گیا تو عمر سے قیامت کے دن اس کی بازپرس ہوگی۔ اسی طرح سیدنا عمر بن عبدالعزیزؒ کا دورِ خلافت اسلامی تاریخ کا وہ شاہکار ہے جہاں سیاست و ریاست کو دوبارہ خلافتِ راشدہ کے نقشِ قدم پر لایا گیا۔

انھوں نے بیت المال کی ایک ایک پائی کو قوم کی امانت سمجھا اور ذاتی کام کے لیے سرکاری چراغ تک بجھا دیا کہ یہ قوم کا تیل ہے، اسے ذاتی مقصد کے لیے استعمال کرنا خیانت ہے۔ خلیفہ چہارم امیر المومنین سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ کا وہ تاریخی مکتوب جو انھوں نے اپنے گورنر مالک بن اشتر کو مصر روانہ کرتے وقت لکھا تھا، دنیا کی سیاسی اخلاقیات کا سب سے بڑا چارٹر ہے۔ اس میں آپؓ نے ہدایت فرمائی تھی کہ عوام کے ساتھ رحم، محبت اور لطف کا معاملہ کرنا۔ حضرت عثمان غنیؓ کا دور خلافت بھی اپنی مثال آپ تھا۔

مگر افسوس کہ آج کلمہ طیبہ کے نام پر بنے پاکستان کی سیاست عوام کے خون پسینے کی کمائی کو اپنی مراعات، پروٹوکولوں اور بیرونی دوروں پر صرف کرنے کا نام بن چکی ہے۔ آج پاکستان میں کروڑوں انسانوں کی عزتِ نفس، بنیادی انسانی ضروریات، صحت، تعلیم اور آیندہ نسلوں کے روشن مستقبل کو اشرافیہ کے مفادات کی قربان گاہ پر بے دردی سے چڑھایا جا رہا ہے۔  جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ بنا کر پیش کیا جاتا ہے، بیانیے کی اس جنگ میں اخلاقیات کے تمام پردے چاک کر دیے گئے ہیں۔ جسکی اب قوم عادی ہوچکی ہے مگر لمحہ موجود سیاسی اختلافات دشمنیاں بن کر گھر کے آنگن کے تقدس کو پامال کر رہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن اور حکومتی وزراء کے درمیان جاری جنگ کے نتائج کا سوچ کر ہر محب وطن پاکستانی پریشان و مضطرب ہے۔

 سیاست اختلافات کو مکالمے سے حل کرنے کا نام ہے۔ خاص کر ایسے حالات میں جب ملک کے دو صوبوں میں حالات خراب ہیں۔

اختلافات اور سیاسی مخالفت اپنی جگہ، لیکن سیاست میں جھوٹے الزامات لگانا، غیر اخلاقی پروپیگنڈہ کرنا اور غیرمصدقہ باتوں کو پھیلانا کسی بھی صورت مناسب نہیں۔ الزام تراشی کی بجائے تحقیقات کے بعد کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ احتساب کا ایسا مؤثر نظام ہونا چاہیے جس میں کسی کو سیاسی وابستگی، عہدے یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر استثنا حاصل نہ ہو۔

جب تک اس ملک میں مفاد پرستی کے اس شیطانی چکر کو توڑا نہیں جاتا، تب تک اس سیاسی غلاظت کے گہرے اندھیرے چھٹنے والے نہیں، اور نہ ہی اس پاک سرزمین پر کسی حقیقی، پائیدار اور بابرکت تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

اس تعفن زدہ غلیظ سیاست اور اخلاقی زوال سے چھٹکارا پانے کا واحد راستہ یہی ہے کہ اس مروجہ، منافقانہ اور مفاد پرستانہ سیاست کو مکمل طور پر مسترد کیا جائے۔ ضمیر فروشوں، موقع پرستوں کے چہروں سے مصلحت کا نقاب نوچ کر پھینک دیا جائے اور سیاست کو دوبارہ قرآنی اصولوں یعنی تقویٰ، خوفِ خدا، امانت داری، صداقت، عدل اور خدمتِ خلق کے الہامی فریم ورک میں واپس لاکر خدا کی زمین پر خدا کے نظام شریعت محمدی کا نفاذ کیا جائے۔