لاہور ہائیکورٹ نے ٹریکٹر تلے کچل کر 2 سالہ بچی کی موت کے مقدمے میں ملزم شاہ نواز کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بری کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا، ملزم کی فوری رہائی کا حکم بھی جاری کر دیا گیا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے شاہ نواز کی جیل اپیل پر 14 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، جسے عدالتی نظیر قرار دیا گیا ہے۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو 20 لاکھ 55 ہزار روپے دیت ادا کرنے کی سزا سنائی تھی، جسے سیشن کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا، تاہم ہائیکورٹ نے دونوں عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔
فیصلے کے مطابق مدعیہ سکینہ بی بی نے دورانِ جرح تسلیم کیا کہ اس نے خود حادثہ نہیں دیکھا۔ بچی کے والد کے بیان میں بہتری اور دفعہ 161 کے بیان سے تضاد بھی سامنے آیا۔ بچی کی والدہ کلثوم بی بی کو بطور گواہ پیش نہ کرنے پر عدالت نے استغاثہ کے خلاف منفی قیاس آرائی کی۔
عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے کی ایف آئی آر 6 ماہ 26 دن کی تاخیر سے درج کی گئی، جس کی کوئی معقول وضاحت پیش نہیں کی جاسکی۔ تفتیشی افسر نے بھی اعتراف کیا کہ کسی ڈرائیور نے جان بوجھ کر ٹریکٹر نہیں چڑھایا۔ برآمد کیا گیا ٹریکٹر بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور اسے واقعے سے منسلک کرنے کے لیے کوئی فرانزک ثبوت موجود نہیں تھا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ قبر کشائی کے دوران ملنے والے ڈھانچے کی شناخت بھی ثابت نہ ہوسکی۔ لیڈی ڈاکٹر نے بیان دیا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتیں کہ ڈھانچہ ہیکل بی بی کا ہے۔ نہ ڈی این اے ٹیسٹ کرایا گیا، نہ ایکسرے ہوا اور نہ ہی ہڈیوں کے فریکچر کی تصدیق ہوسکی۔
عدالت کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ سے نہ ڈھانچے کی شناخت ثابت ہوئی اور نہ ہی موت کی وجہ سامنے آسکی، جبکہ نمونوں کی تحویل اور منتقلی کے ریکارڈ میں بھی خامیاں پائی گئیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں قبر کشائی کے عمل سے متعلق رہنما اصول بھی جاری کیے ہیں۔ عدالت نے شاہ نواز کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا، تاہم یہ رہائی کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہ ہونے سے مشروط قرار دی ہے۔